ریونت ریڈی کی بارگاہ یوسفینؒ پر حاضری ، کانگریس کے استحکام کیلئے دعا

   

Ferty9 Clinic

اقلیتی قائدین اور کارکنوںکی جانب سے شاندار استقبال، مانصاحب ٹینک سے گاندھی بھون تک ریالی
حیدرآباد۔7 ۔جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے اقلیتی قائدین اور کارکنوں کی جانب سے نئے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کا شاندار استقبال کیا گیا اور انہیں زبردست ریالی کی شکل میں بارگاہ حضرات یوسفینؒ پہنچایا جہاں انہوں نے حاضری دی اور تلنگانہ میں عوام کی بھلائی اور کانگریس کی اقتدار پر واپسی کیلئے خصوصی دعا کی ۔ ریونت ریڈی نے آج صبح 10 بجے جوبلی ہلز میں واقع پداماں ٹمپل میں خصوصی پوجا کی اور وہاں سے ریالی کی شکل میں گاندھی بھون کیلئے روانہ ہوئے ۔ مانصاحب ٹینک پہنچنے کے بعد پارٹی کے اقلیتی قائدین کی جانب سے استقبال کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ ریونت ریڈی کا پھولوں کی بارش کے ذریعہ استقبال کیا گیا اور ریالی کے آگے خصوصی عربی باجا رکھا گیا تھا ، جگہ جگہ کارکنوںکی جانب سے آتشبازی کی گئی ۔ اقلیتی قائدین کی جانب سے ریونت ریڈی کی کرین کے ذریعہ لائے گئے پھولوں کے ہار سے گلپوشی کی گئی ۔ ریونت ریڈی کے ہمراہ کانگریس کے سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر ، رکن اسمبلی سیتکا ، سابق رکن اسمبلی مال ریڈی رنگا ریڈی اور دیگر قائدین گاڑی میں سوار تھے۔ جگہ جگہ ریونت ریڈی کا اقلیتوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا ۔ ریالی کے آغاز سے قبل خصوصی اسٹیج سے ریونت ریڈی کا استقبال ہوا اور اس موقع پر کانگریس کے میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے سٹی صدر سمیر ولی اللہ ، پردیش کانگریس کے ترجمان نظام الدین ، نامپلی انچارج فیروز خاں ، سکریٹری پردیش کانگریس راشد خاں ، عامر جاوید ، محمد متین ، عثمان محمد خاں اور دیگر اقلیتی قائدین نے ریالی کے انتظامات کی نگرانی کی ۔ ریالی وجئے نگر کالونی اور بازار گھاٹ سے گزر کر درگاہ یوسفین پہنچی۔ ریونت ریڈی نے خصوصی چادر پیش کی اور دعا کی ۔ وہاں سے وہ ریالی کی شکل میں گاندھی بھون پہنچے جہاں صدارت کا جائزہ حاصل کی گئی ۔ قبل ازیں صبح میں پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو نے اقلیتی قائدین شیخ عبداللہ سہیل ، واجد حسین اور فیروز خاں کے ہمراہ بارگاہ یوسفین پر حاضری دی اور خصوصی دعا کی۔