ریونت ریڈی کی جگتیال میں پد یاترا، مختلف طبقات سے ملاقات

   

کانگریس کو اقتدار کا موقع دینے کی اپیل
فلاحی اسکیمات شروع کرنے کا وعدہ
حیدرآباد۔10۔مارچ (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پد یاترا کے 24 ویں دن آج جگتیال اسمبلی حلقہ کا احاطہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ ریونت ریڈی نے پارٹی کے قومی قائدین کے ساتھ صبح میں دھرانی عدالت میں شرکت کی جس کے بعد پد یاترا کا آغاز کیا۔ جگتیال کے مختلف علاقوں حسن آباد ، چیرلہ پلی ، عنبرپیٹ ، اندرا نگر کالونی ، اپر پیٹ ، گاندھی نگر ، لڈو خواجہ چوراہا اور دیگر علاقوں میں سماج کے مختلف طبقات سے ملاقات کی۔ گاندھی نگر میں ریونت ریڈی نے لیبر طبقہ سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ ریونت ریڈی نے ٹیلرس سے ملاقات کی اور کانگریس برسر اقتدار آنے پر مختلف پیشہ ور طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کیلئے فلاحی اسکیمات کا تیقن دیا۔ ٹیلرس نے شکایت کی کہ حکومت دیگر پیشے والے افراد کو مراعات فراہم کر رہی ہے لیکن انہیں نظر انداز کردیا گیا۔ ریونت ریڈی نے نرسنگا پور میں خودکشی سے فوت ہونے والے کسان کے افراد خاندان سے ملاقات کی۔ جلاپتی ریڈی کے افراد خاندان کو ریونت ریڈی نے ایک لاکھ روپئے امداد حوالے کی۔ انہوں نے کہا کہ کسان کی خودکشی کیلئے جو ایڈوکیٹ ذمہ دار ہیں ، اسکی ضمانت منسوخ کرکے دوبارہ جیل بھیجنا چاہئے ۔ پد یاترا میں ریونت ریڈی کا جگہ جگہ استقبال کیا گیا۔ شام میں کارنر میٹنگ سے خطاب میں انہوں نے عوام کو بھروسہ دلایا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر غربت ، بیروزگاری اور صحت کے مسائل پر اولین ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے تمام طبقات کو دھوکہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جذبہ کے نام پر عوام میں دو مرتبہ کے سی آر کو اقتدار حوالے کیا لیکن تیسری مرتبہ اقتدار کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کانگریس کو ایک مرتبہ اقتدار کا موقع دیں تاکہ اندراماں راج کا احیاء عمل میں آئے۔ انہوں نے کہا کہ کریم نگر کی ترقی کیلئے عوام سے جو وعدے کئے گئے تھے ان کی تکمیل نہیں کی گئی۔ اس موقع پر جگتیال کے رکن اسمبلی کے خلاف چارج شیٹ جاری کی گئی۔ر