ریونت ریڈی کی دہلی میں مرکزی وزیر نتن گڈکری سے ملاقات

   

تلنگانہ سے گذرنے والی شاہراہوں کی ترقی اور رکاوٹیں دور کرنے کا مطالبہ

حیدرآباد۔26۔جون(سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج دہلی میں مرکزی وزیر قومی شاہراہ نتن گڈکری سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست سے گذرنے والی مختلف شاہراہوں کی ترقی اور ان میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے اقدامات کی خواہش کی ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی مرکزی وزیر سے ملاقات کے وقت ان کے ہمراہ ڈپٹی چیف منسٹر و ریاستی وزیر فینانس ملو بھٹی وکرمارک ‘ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو ‘ ریاستی وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے۔ ریاست تلنگانہ کے وزراء کے وفد سے ملاقات کے دوران مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ان کے محکمہ کے تحت موجود قومی شاہراہ اور نیشنل ہائی اتھاریٹی آف انڈیا کے عہدیدار کے علاوہ دیگر عہدیداروں کو بھی طلب کیا تھا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے چیف منسٹر نے حیدرآباد ۔وجئے واڑہ قومی شاہراہ کو 6لین کی شاہراہ کے طور پر ترقی دینے کے اقدامات کے لئے کی گئی نمائندگی پر متوجہ کیا جس پر مرکزی وزیر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر ٹنڈرس طلب کرنے کے اقدامات کریں اور اس پراجکٹ کی تفصیلی رپورٹ تیار کرتے ہوئے انہیں پیش کی جائے ۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری نے اپل تا گھٹکیسر فلائی اوور کے کاموں کے متعلق سابقہ ٹنڈرس کی منسوخی کے سلسلہ میں احکام جاری کرتے ہوئے کہا کہ نئے ٹنڈر طلب کرتے ہوئے ان کاموں کو فوری طور پر شروع کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ ریاستی وزیر عمارات و شوارع نے مرکزی وزیر کو بتایا کہ گذشتہ 4 برسوں سے اس فلائی اوور کا کام جاری ہے لیکن اس میں کوئی پیشرفت نہ ہونے کے سبب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ حیدرآباد منے گوڑہ شاہراہ کو بھی 4لین کی شاہراہ کے طور پر ترقی دینے کے اقدامات کے سلسلہ میں نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ اس شاہراہ پر گذشتہ ایک برس سے کام زیر التواء ہیں اور ان کاموں کا فوری آغاز کیا جانا چاہئے لیکن اب تک اس سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔ مرکزی وزیر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری اس شاہراہ کے تعمیری کاموں کو شروع کرتے ہوئے ان میں تیزی پیدا کریں۔مرکزی وزیر نتن گڈکری نے محکمہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ماہ جولائی کے دوران تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کے کلیئرنس کے حصول کے اقدامات کریں تاکہ حیدرآباد۔ وجئے واڑہ شاہراہ پر موجود بلائنڈ اسپاٹس کو دور کرنے کے اقدامات کا آغاز کیا جاسکے۔ ریاستی حکومت کے وزراء کے وفد نے مرکزی وزیر سے حیدرآباد۔ کلواکرتی شاہراہ کو بھی 4لین شاہراہ کے طور پر ترقی دینے کے اقدامات کی خواہش کی جس پر مرکزی وزیر نے مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں شاہراہوں کو مربوط کرتے ہوئے معیاری سڑکوں کا جال تیار کیا جا رہاہے اور حکومت تلنگانہ کی جانب سے جو نمائندگیاں کی گئی ہیں ان پر مرکزی حکومت سنجیدگی کے ساتھ غور کرتے ہوئے ان کاموں کے فوری طور پر آغاز کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنائے گی۔ ریاستی حکومت کے وفد نے مرکزی وزیر نتن گڈکری کی جانب سے فوری طور پر احکامات کی اجرائی اور کاروائی پر ان سے اظہار تشکر کیا۔3