راجیہ سبھا کیلئے منتخب نریندر ریڈی کا تعارف کرایا، تلنگانہ بجٹ اور سیاسی صورتحال پر بات چیت
حیدرآباد۔ 18 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج پارلیمنٹ کے احاطہ میں لیڈر آف اپوزیشن راہول گاندھی اور جنرل سکریٹری اے آئی سی سی پرینکا گاندھی سے خیرسگالی ملاقات کی۔ راجیہ سبھا کے الیکشن میں کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے ابھیشیک منوسنگھوی اور وی نریندر ریڈی کا ہائی کمان سے تعارف کرانے کے لئے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کے ہمراہ ریونت ریڈی نئی دہلی میں تھے۔ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی نے منتخب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی اور پارٹی کے استحکام کے لئے مساعی کرنے کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر ارکان پارلیمنٹ ڈاکٹر ملو روی، کرن کمار ریڈی، انیل کمار یادو، سریش شیٹکر، نئی دہلی میں تلنگانہ کے خصوصی نمائندے جتیندر ریڈی، سینئر لیڈر روہن ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔ ریونت ریڈی نے کل رات صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی اور نریندر ریڈی کا تعارف کرایا۔ ملکارجن کھرگے نے تلنگانہ حکومت کی فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے کا مشورہ دیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ریونت ریڈی نے ملکارجن کھرگے اور پارٹی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال کو تلنگانہ کی تازہ ترین سیاسی صورتحال سے واقف کرایا۔ انہوں نے بجٹ کی تفصیلات کے علاوہ ناراض کانگریس قائد جیون ریڈی کے مسئلہ پر بات چیت کی۔ چیف منسٹر نے ریاستی بجٹ میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری اور دیگر وعدوں کی تکمیل سے متعلق واقف کرایا۔ بتایا جاتا ہے کہ مجالس مقامی انتخابات میں پارٹی کے بہتر مظاہرہ پر ہائی کمان کے قائدین نے مسرت کا اظہار کیا۔ ہائی کمان سے ملاقاتوں کے بعد ریونت ریڈی حیدرآباد واپس ہوگئے۔ 1