نونامزد صدر پی سی سی کی کانگریس کے سینئیر قائدین سے مشاورت کا سلسلہ جاری
حیدرآباد: تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میں اختلافات دور کرتے ہوئے اتفاق رائے کا ماحول پیدا کرنے کیلئے ریونت ریڈی کی سینئر قائدین سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ریونت ریڈی نے آج سابق مرکزی وزیر رینوکا چودھری سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی ۔ اس موقع پر کھمم ضلع سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے سینئر قائدین موجود تھے۔ ریونت ریڈی کو بڑے پیمانہ پر تہنیت پیش کی گئی۔ ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو ، نائب صدر ملو روی ، آر دامودر ریڈی ، مہیلا کانگریس کی صدر سنیتا راؤ ، سابق وزیر ایس چندر شیکھر اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے ۔ رینوکا چودھری نے پردیش کانگریس کی صدارت کے لئے ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی اورکہا کہ تلنگانہ میں پارٹی کو دوبارہ برسر اقتدار لانے کیلئے وہ ہر ممکن تعاون کریں گی۔ رینوکا چودھری نے کہا کہ ریونت ریڈی کے تقرر کے بعد پارٹی میں نئی جان پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھمم ضلع سے ٹی آر ایس کے زوال کا آغاز ہوگا۔ ریونت ریڈی نے اے آئی سی سی سکریٹری وشنو چند ریڈی اور سمپت کمار سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی۔ یوتھ کانگریس کے صدر شیواسینا ریڈی اور دیگر قائدین نے ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔ اے آئی سی سی سکریٹریز نے ریونت ریڈی کو تہنیت پیش کی۔ اسی دوران ریونت ریڈی کی قیامگاہ پر ملاقات کے لئے آنے والے قائدین اورکارکنوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ روزانہ ہزاروںکی تعداد میں کارکن مختلف اضلاع سے ریونت ریڈی کی قیامگاہ پہنچ رہے ہیں۔ تلنگانہ کے 33 اضلاع میں 19 اضلاع کے ضلع صدور اور عہدیداروں نے ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے مکمل تائید کا اعلان کیا ہے۔