کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ، پارٹی میں کوئی ہیرو نہیں
حیدرآباد۔ 12 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگاریڈی نے ریونت ریڈی اور ان کے حامیوں کی سرگرمیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور اس سلسلہ میں غور و خوص کے لیے کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کی مانگ کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگاریڈی نے کہا کہ ریونت ریڈی پردیش کانگریس کی صدارت کے لیے اپنا موقف مستحکم کرنے کے لیے جی او 111 پر احتجاج کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریونت ریڈی کے حامیوں کی سرگرمیاں پارٹی اصولوں کے خلاف ہے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور جنرل سکریٹری انچارج آر سی کنتیا سے ملاقات کرتے ہوئے جگاریڈی نے کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کی خواہش کی۔ انہوں نے بتایا کہ جی او 111 کو پردیش کانگریس کی صدارت سے مربوط کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کے ٹی آر کے فارم ہائوز کے خلاف احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کوئی بھی قائد اپنی مرضی سے احتجاج کرنے کے بجائے کور کمیٹی میں غور و خوض کے بعد ہی احتجاج کا فیصلہ کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں طریقہ کار ہے کہ پردیش کانگریس کے صدر کو اعتماد میں لینے کے بعد ہی کسی مسئلہ پر احتجاج ہو۔ لیکن ریونت ریڈی نے اصول کی خلاف ورزی کی ہے۔ جگاریڈی نے کہا کہ کئی برسوں سے کانگریس کے سرگرم قائدین کو نظرانداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کے حامی یہ تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ کانگریس میں ریونت ریڈی کے علاوہ کوئی باہمت اور ہیرو نہیں ہے۔ ایسی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی قائدین کے ہاتھ میں نہیں بلکہ قائدین پارٹی کے تحت ہونا چاہئے۔ جگاریڈی نے کہا کہ کانگریس میں کوئی ہیرو نہیں صرف سونیا گاندھی اور راہول گاندھی ہی ہیرو ہیں۔