ریونت ریڈی کی سونیا ، راہول ، کھرگے و پرینکا گاندھی سے ملاقات

,

   

تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کی تفصیلات سے واقف کرایا، بھاری سرمایہ کاری سے تلنگانہ کی ترقی میں پیشرفت کا امکان
حیدرآباد ۔ 11۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نئی دہلی میں پارٹی ہائی کمان کے سرکردہ قائدین سے ملاقات کی اور تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کی کامیابی کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ چیف منسٹر نے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے ، سونیا گاندھی ، راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی سے ملاقات کی۔ گلوبل سمٹ کے اختتام کے فوری بعد چیف منسٹر سرمایہ کاری کی تفصیلات اور دیگر کامیابیوں سے واقف کرانے کیلئے نئی دہلی پہنچے۔ کانگریس قائدین نے سمٹ کی کامیابی پر چیف منسٹر کو مبارکباد پیش کی اور تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی کی مساعی کو سراہا۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے پانچ لاکھ کروڑ سے زائد سرمایہ کاری معاہدات کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے تلنگانہ رائزنگ ویژن ڈاکیومنٹ بھی ہائی کمان کے قائدین کے حوالے کیا۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور پنچایت راج چناؤ میں کانگریس کے بہتر مظاہرہ سے بھی واقف کرایا۔ حکومت کے دو سال کی تکمیل پر پروگریس رپورٹ پیش کی گئی ۔ دو روزہ سمٹ میں 5.75 لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدات ہوئے ہیں۔ ملکارجن کھرگے اور پرینکا گاندھی نے ویژن ڈاکیومنٹ کی اجرائی پر چیف منسٹر کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ ڈاکیومنٹ ریاست کے مستقبل کے لئے ایک روڈ میاپ ہے۔ چیف منسٹر نے ہائی کمان کے قائدین سے علحدہ علحدہ ملاقات کی ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر ویویک وینکٹ سوامی ، ارکان پارلیمنٹ سریش شیٹکر ، ایم انیل کمار ، بلرام نائک ، ڈاکٹر ملو روی ، کرن کمار ریڈی ، رگھو ویر ریڈی اور جی ومشی کرشنا موجود تھے۔ چیف منسٹر نے نئی دہلی کی قیامگاہ پر سابق صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کو جینتی پر خراج پیش کیا۔ نئی دہلی پہنچنے کے بعد چہارشنبہ کی رات چیف منسٹر نے این سی پی رہنما شرد پوار کی قیامگاہ پر ایک خانگی تقریب میں شرکت کی۔ کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کے کامیاب انعقاد پر چیف منسٹر کو مبارکباد پیش کی اور ان کی تہنیت کی۔ اے آئی سی سی قائدین نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع سے ویژن 2047 پر عمل آوری میں مدد ملے گی۔1