انتخابی وعدوں پر عمل آوری پر توجہ، ڈرگس کے خلاف مہم کیلئے حکمت عملی، پولیس عہدیدار بھی شریک ہوں گے
حیدرآباد 15 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست بھر میں نظم و نسق کو متحرک کرنے اور سرکاری اسکیمات پر مؤثر عمل آوری یقینی بنانے کے لئے کل 16 جولائی جو کلکٹرس کانفرنس طلب کی ہے۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر تلنگانہ سکریٹریٹ کی ساتویں منزل پر کانفرنس ہال میں کلکٹرس کانفرنس کا صبح 9.30 بجے آغاز ہوگا۔ تمام اضلاع کے ضلع کلکٹرس کے علاوہ کمشنرس آف پولیس اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ڈسمبر 2023 ء میں چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ریونت ریڈی نے یوں تو ضلع کلکٹرس کے ساتھ کئی اجلاس منعقد کئے لیکن یہ اپنی نوعیت کا پہلا وسیع تر اجلاس ہوگا جس کے لئے ایک جامع ایجنڈہ بھی طے کیا گیا ہے۔ کلکٹرس کانفرنس میں زیربحث آنے والے اُمور میں پرجا پالنا، دھرانی پورٹل کے مسائل، زراعت، صحت (موسمی بیماریاں)، ونا مہا اتسوم (شجرکاری)، منگلا شکتی، ایجوکیشن، لاء اینڈ آرڈر اور مخالف منشیات مہم شامل ہیں۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے تمام ضلع کلکٹرس اور پولیس عہدیداروں کو کانفرنس میں شرکت کی ہدایت دی ہے۔ کلکٹرس اور کمشنرس کے غیاب میں ایڈیشنل کلکٹرس اور ڈپٹی کمشنرس و اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس ضروری اُمور کی تکمیل کریں گے۔ کلکٹرس کانفرنس میں نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ، اسپیشل چیف سکریٹری فینانس، اسپیشل چیف سکریٹری ہوم کے علاوہ ریونیو، پلاننگ، تعلیم، بلدی نظم و نسق، پنچایت راج، زراعت، حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس، جنگلات، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ اُمید کی جارہی ہے کہ کلکٹرس کانفرنس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی حکومت کی جانب سے 6 ضمانتوں پر عمل آوری سے متعلق ضروری ہدایات دیں گے۔ کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کے علاوہ 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر، 200 یونٹ مفت برقی سربراہی اور آسرا پنشن کی رقم کو بڑھاکر 4000 کرنے سے جیسے فیصلوں کے بارے میں گائیڈ لائنس جاری کئے جائیں گے۔ پرجا پالنا میں موصولہ درخواستوں کی یکسوئی پر ضلع کلکٹرس سے رپورٹ طلب کی جائے گی۔ حکومت نے دھرانی پورٹل کے بارے میں موصولہ ایک لاکھ سے زائد درخواستوں کی اندرون ایک ماہ یکسوئی کرنے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی تھی۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ زرعی شعبہ کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں ضلع کلکٹرس کی رہنمائی کی جائے گی۔ بارش کے آغاز کے ساتھ ہی ریاست میں وبائی اور موسمی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ ایسے میں سرکاری دواخانوں میں علاج کی بہتر سہولتوں کے لئے کلکٹرس کو پابند کیا جائے گا۔ امن و ضبط کی صورتحال میں میں خاص طور پر ڈرگس، گانجہ اور غیر قانونی شراب کی منتقلی پر حکومت نے خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ پڑوسی ریاستوں سے ڈرگس اور گانجہ کی منتقلی کو روکنے کے لئے کلکٹرس اور پولیس عہدیداروں کو ہدایات جاری کی جائیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے دور رکھنے کے لئے اسکول اور کالجس کی سطح پر شعور بیداری کے علاوہ سربراہ کرنے والوں پر کڑی نگرانی کی ہدایت دے چکے ہیں۔ شہری علاقوں میں واقع بعض پبس، بارس اور فارم ہاؤزیس کی سرگرمیوں پر بھی پولیس کے ذریعہ کڑی نگرانی کی جائے گی۔ 1