سینئر قائدین کی جیل پہنچ کر ملاقات، کوڑنگل میں کانگریس کارکنوں کا احتجاج
حیدرآباد ۔10۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کی ضمانت کیلئے داخل کردہ درخواست پر مقامی عدالت میں سماعت مکمل ہوچکی ہے۔ جج نے فیصلہ کو کل چہارشنبہ تک کیلئے ملتوی کردیا۔ ریونت ریڈی کی جانب سے سینئر وکیل سرینواس راؤ نے عدالت کو بتایا کہ جان بوجھ کر ریونت ریڈی کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ پولیس کے وکیل نے کہا کہ ریونت ریڈی کے پرانے مقدمات کے سلسلہ میں حیدرآباد پولیس نے پی ٹی وارنٹ کی درخواست کی ہے ۔ سرینواس راؤ نے شکایت کی کہ قبل از نوٹس دیئے بغیر مقدمات درج کئے گئے ۔ انہوں نے ریونت ریڈی کو ضمانت منظور کرنے کی درخواست کی۔ کوکٹ پلی مقامی عدالت میں فریقین کی سماعت کی تکمیل کے بعد فیصلہ کو کل تک کیلئے محفوظ کیا گیا۔ اسی دوران رکن اسمبلی سریدھر بابو ، سابق وزیر محمد علی شبیر اور پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کسم کمار نے آج چیرلا پلی جیل پہنچ کر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ گرفتاری کے خلاف ریونت ریڈی کے حامیوں کی جانب سے کوڑنگل میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ۔ کوڑنگل کے تمام منڈلوں میں پولیس نے احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا۔ ریونت ریڈی کے حامی انہیں عدالت میں پیش کرنے کی اطلاع پر استقبال کے لئے روانہ ہورہے تھے۔ کارکنوں کی کثیر تعداد کوکٹ پلی کی عدالت پہنچ کر ریونت ریڈی کا استقبال کرنا چاہتی تھی ، پولیس نے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کرتے ہوئے کانگریس کارکنوں کو حراست میں لے لیا ۔