عوام کو اسکیمات بند کردینے کی دھمکی دی جا رہی ہے ۔ رحمت نگر میں روڈ شو ۔ بی آر ایس لیڈر کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد۔یکم نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی کانگریس سے وابستگی نظریاتی نہیں بلکہ فرضی ہے محض چیف منسٹر کے عہدہ پر برقراری کیلئے ریونت ریڈی کانگریس کا دامن تھامے ہوئے ہیں۔ بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریونت ریڈی کا بی جے پی سے ماں جیسا رشتہ ہے اور وہ اٹوٹ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی ’چوکیدار چور ہے ‘ کے نعرے لگاتے ہیں اور ریونت ریڈی مودی کو اپنا بڑا بھائی کہتے ہیں۔ راہول گاندھی اڈانی پر ملک کو لوٹنے کا الزام عائد کر رہے ہیں اور ریونت ریڈی اڈانی اور امبانی کا تلنگانہ میں سرخ قالین استقبال کر رہے ہیں۔تلنگانہ عوام کے سی آر کے سنہری دور کو یاد کررہے ہیں اور ریونت ریڈی سے نالاں ہوچکے ہیں ۔ تلنگانہ میں کانگریس کے زوال کا آغاز جوبلی ہلز سے ہونے جا رہا ہے اور جوبلی ہلز کے عوام تلنگانہ عوام کو غیر کارکرد حکمرانی سے نجات دلانے کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں۔ کے ٹی آر نے آج رحمت نگر ڈویژن میں زبردست روڈ شو سے خطاب میں یہ بات کہی ۔انہوں نے جوبلی ہلز کے عوام بالخصوص ووٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ شہر کے عوام کو ’حیدرا‘ کے خوف سے باہر نکالنے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ ’حیدرا‘ کے خوف سے حیدرآباد کے غریب عوام راتوں کو سکون کی نیند نہیں لے پا رہے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے اور آئندہ 500 یوم کے بعد تلنگانہ میں دوبارہ کے سی آر کا دور واپس آنے والا ہے۔ انہو ںنے بی آر ایس کے ’باقی کارڈ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں کانگریس نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان میں محض ایک وعدہ پر عمل کیاگیا اور وہ خواتین کیلئے مفت بس کی سہولت فراہم کی گئی اس کے بعد بس کرایہ میں اضافہ کرکے مردوں سے دگنا ٹکٹ وصول کیا جارہا ہے ۔ انہو ں نے آٹو ڈرائیورس ‘و دیگر طبقات سے وعدوں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ حکومت سے 22مہینوں میں کسی بھی وعدہ پر عمل کے اقدامات نہیں کئے گئے اور اب جبکہ جوبلی ہلز ضمنی انتخابات میں رائے عامہ مخالف حکومت بن چکی ہے تو ریونت ریڈی عوام کو بالواسطہ دھمکی دے رہے ہیں کہ اگر کانگریس انتخابات ہار جاتی ہے تو اسکیمات بند ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جب اسکیمات چل نہیں رہی ہیں تو بند کونسی اسکیم کی جائے گی اور جو اسکیمات بند کرنے کی بات کی جا رہی ہے اور یہ کہا جار ہاہے کہ اگر جوبلی ہلز میں بی آر ایس کامیاب ہوجائے گی تو مفت برقی ‘ مفت بس کی سہولت ‘ باریک چاول و راشن کارڈس بند کردیئے جائیں گے تو کیا جوبلی ہلز میں انتخابی کامیابی سے ریاست میں حکومت تبدیل ہوجائے گی! کے ٹی آر نے کہا کہ جوبلی ہلز کے عوام کے دباؤ پر محمد اظہر الدین کو کابینہ میں شامل کیاگیا ہے اور اگر جوبلی ہلز کے عوام بی آر ایس کی کامیابی کو یقینی بناتے ہیں تو حکومت انتخابی وعدوں پر عمل کرنے پر مجبور ہوجائے گی ۔ انہو ںنے کہا کہ اگر بی آر ایس کامیاب ہوتی ہے تو اقلیتی ڈکلیریشن پر عمل کیلئے حکومت مجبور ہوگی۔ انہوں نے عوام سے استفسار کیا کہ آیا حکومت وعدوں پر عمل کررہی ہے !عوام نے نفی میں جواب دیا۔ انہوں نے جوبلی ہلز ووٹرس سے اپیل کی کہ وہ بی آر ایس امیدوارہ ماگنٹی سنیتا کو کامیاب بنائیں۔3