ملو روی کی مصالحت اور ہائی کمان کی مداخلت کے بعد بھٹی وکرامارکا کی ناراضگی ختم
حیدرآباد۔/6 جولائی،( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی مشکلات کم کرنے کیلئے ایک بھائی نے دوسرے بھائی سے ملاقات کی۔ ریونت ریڈی کے تقرر پر ناراض سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کانگریس ہائی کمان سے اپنی ناراضگی کا اظہار کرچکے ہیں اور انہوں نے ابھی تک ریونت ریڈی سے ملاقات نہیں کی تھی۔ ریونت ریڈی کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے سے ایک دن قبل اس تنازعہ کی یکسوئی اور کشیدگی کم کرنے کیلئے سینئر نائب صدر ڈاکٹر ملو روی نے پہل کی اور اپنے بھائی سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی کے مفاد میں ناراضگی ختم کرنے کی خواہش کی۔ دونوں بھائیوں کی خوشگوار ملاقات کے بعد ریونت ریڈی نے بھٹی وکرامارکا سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ بھٹی وکرامارکا نے ان کے حامیوں کو پردیش کانگریس کمیٹی میں موقع نہ دیئے جانے پر اعتراض جتایا۔ ایک مرحلہ پر بھٹی وکرامارکا پر کانگریس ہائی کمان نے واضح کردیا کہ موجودہ حالات میں ناراض سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بھائی کی مصالحت اور ہائی کمان کی مداخلت کے بعد بھٹی وکرامارکا نے ریونت ریڈی کو قیامگاہ آنے کی اجازت دی اور سی ایل پی لیڈر کی حیثیت سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔