طبقاتی سروے اور تلنگانہ کے مختلف پراجکٹس پر بات چیت کا امکان، ہائی کمان سے بھی ملاقات کی کوشش
حیدرآباد۔/25 فروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی آج شام نئی دہلی روانہ ہوئے جہاں وہ کل 26 فروری کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔ وزیر اعظم کے دفتر نے ملاقات کیلئے صبح 10:30 بجے کا وقت مقرر کیا ہے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو، چیف سکریٹری شانتی کماری، چیف منسٹر کے سکریٹری شیشادری اور ڈائرکٹر جنرل پولیس جتیندر بھی وزیر اعظم سے ملاقات کے وقت موجود رہیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے طبقاتی سروے اور ایس سی زمرہ بندی کے علاوہ تلنگانہ کے مختلف پراجکٹس کیلئے مرکزی فنڈز کے سلسلہ میں وزیراعظم سے ملاقات کا وقت مانگا تھا۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق طبقاتی سروے کی تفصیلی رپورٹ وزیر اعظم نریندر مودی کو پیش کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں دستوری ترمیم کے ذریعہ بی سی تحفظات میں اضافہ کو یقینی بنانے کی درخواست کی جائے گی۔ طبقاتی سروے کے علاوہ ایس سی زمرہ بندی پر عمل آوری میں مرکز سے تعاون کی اپیل کی جائے گی۔ تلنگانہ حکومت دونوں مسائل پر اسمبلی اجلاس میں قرارداد کی منظوری کی تیاری کررہی ہے اور مرکز کی جانب سے دستوری ترمیم کے تحت 42 فیصد بی سی تحفظات کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق موسی ریور فرنٹ پراجکٹ، میٹرو ریل توسیعی منصوبہ اور تلنگانہ کیلئے آئی پی ایس کیڈر کی تعداد میں اضافہ جیسے امور پر بھی وزیر اعظم سے نمائندگی کی جائے گی۔ چیف منسٹر نئی دہلی میں بعض مرکزی وزراء سے بھی ملاقات کرسکتے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نئی دہلی میں قیام کے دوران پارٹی اعلیٰ کمان سے ملاقات کی جاسکتی ہے تاہم راہول گاندھی سے ملاقات کا وقت ابھی طئے نہیں ہوا ہے۔ راہول گاندھی اور صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی صورت میں ایم ایل سی کی پانچ نشستوں کے امیدواروں، کابینہ میں توسیع اور نامزد عہدوں پر تقررات جیسے امور پر بات چیت کی جاسکتی ہے۔ چیف منسٹر کا یہ دورہ خالص سرکاری نوعیت کا ہے تاہم سیاسی امور پر ہائی کمان سے بات چیت پر کوئی واضح صورتحال دکھائی نہیں دیتی۔1