سونیا ، راہول، پرینکا اور کھرگے سے ملاقات۔ کابینہ کی تشکیل پر ہائی کمان سے گرین سگنل
حیدرآباد۔/6 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے نامزد چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج نئی دہلی میں انتہائی مصروف دن گذارا۔ حلف برداری تقریب میں پارٹی کے قومی قائدین کو مدعو کرنے اور کابینہ کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیلئے ریونت ریڈی کل رات پارٹی کے سینئر قائدین محمد علی شبیر اور سدرشن ریڈی کے ہمراہ خصوصی طیارہ سے نئی دہلی پہنچے اور صبح میں جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال سے ملاقات کی اور امکانی وزراء کے ناموں سے واقف کرایا۔ بتایا جاتا ہیکہ وینو گوپال نے اس مسئلہ پر صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی سے مشاورت کے بعد فہرست کو قطعیت دینے کا تیقن دیا۔ ریونت ریڈی نے سونیا گاندھی سے ملاقات کی اور انتخابی نتائج اور حکومت کی تشکیل سے واقف کرایا۔ دونوں قائدین کی ملاقات کے وقت کوئی تیسرا موجود نہیں تھا اور سونیا گاندھی کے دفتر نے ریونت ریڈی کو تنہا آنے کی ہدایت دی تھی۔ بعد ازاں ریونت نے راہول اور پرینکا گاندھی سے ملاقات کی اور حلف برداری تقریب میں شرکت کی دعوت دی اورامکانی وزراء کی فہرست سے آگاہ کیا۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی اور تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت کے علاوہ کابینہ کی تشکیل کے منصوبہ سے واقف کرایا جنہوں نے کابینہ میں تمام طبقات کو نمائندگی دینے کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر سابق مرکزی وزیر بلرام نائیک، محمد علی شبیر اور سدرشن ریڈی موجود تھے۔ ہائی کمان سے مشاورت کی تکمیل کے بعد ریونت ریڈی حیدرآباد واپسی کیلئے ایرپورٹ پہنچے تاہم انہیں ہائی کمان نے دوبارہ طلب کیا جس پر وہ ایر پورٹ سے سیدھے کانگریس کے دفتر پہنچے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی وینوگوپال نے کابینی وزراء کے ناموں میں ردوبدل کیلئے ریونت ریڈی کو طلب کیا تھا۔ بعد میں ریونت ریڈی حیدرآباد واپس ہوئے۔