ورکنگ کمیٹی اجلاس اور جلسہ کیلئے مناسب سیکوریٹی کا مطالبہ، حکومت کی رکاوٹوں کی مذمت
حیدرآباد ۔8۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس قائدین کے ایک وفد نے آج ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار سے ملاقات کی۔ 16 اور 17 ستمبر کو حیدرآباد میں کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس اور جلسہ عام کے سلسلہ میں سیکوریٹی انتظامات پر توجہ دلائی گئی ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس کو مکتوب میں ریونت ریڈی نے کہا کہ ورکنگ کمیٹی اجلاس اور جلسہ عام میں کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے ، پارلیمانی پارٹی کی صدرنشین سونیا گاندھی ، راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کے علاوہ دیگر ریاستوں کے پردیش کانگریس صدور ، ارکان پارلیمنٹ اور سینئر قائدین شرکت کر رہے ہیں۔ ورکنگ کمیٹی کا اجلاس 16 ستمبر کو ہوٹل تاج کرشنا بنجارہ ہلز میں منعقد ہوگا جبکہ جلسہ عام 17 ستمبر کو مہیشورم منڈل کے تکو گوڑہ میں طئے کیا گیا ہے ۔ اجلاس اور جلسہ عام کے مقامات پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کیلئے مناسب سیکوریٹی انتظامات کی درخواست کی گئی ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے اہم شخصیتوں کی آمد کے پیش نظر پولیس کی جانب سے ضروری انتظامات کا تیقن دیا ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس سے ملاقات کرنے والوں میں وی ہنمنت راو ، بلرام نائک ، انجن کمار یادو ، ڈاکٹر ملو روی ، جی پرساد ، ایس راجیا ، محمد فیروز خاں و دیگر قائدین شامل تھے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے بتایا کہ ڈائرکٹر جنرل پولیس کو ہوم گارڈ رویندر کی خودکشی معاملہ کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہوم گارڈ رویندر کی موت دراصل سرکاری قتل ہے، اس کے لئے حکومت ذمہ دار ہے۔ ریونت ریڈی نے اس معاملہ میں چیف منسٹر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی مانگ کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ہوم گارڈس گزشتہ پانچ ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کمیشن ادا کرنے والے کنٹراکٹرس کے بلز منظور کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے ہوم گارڈ کے پسماندگان کو 25 لاکھ روپئے معاوضہ ، افراد خاندان میں کسی ایک کو سرکاری ملازمت اور بچاؤ کی تعلیم کے اخراجات حکومت برداشت کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس کے 17 ستمبر کے جلسہ عام کو پریڈ گراؤنڈ پر روکنے کی بی جے پی اور بی آر ایس نے سازش کی ہے۔ انہوں نے جلسہ عام کے انعقاد میں حکومت اور پولیس کی جانب سے رکاوٹوں سے گریز کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ ورکنگ کمیٹی اجلاس اور جلسہ عام کے مقامات پر مناسب سیکوریٹی انتظامات کئے جائیں۔