حکومت کی بے قاعدگیوں کے خلاف جدوجہد تیز کرنے کا اعلان
حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا نے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کی گرفتاری کو غیر جمہوری قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت جمہوری اور دستوری اُصولوں کے خلاف کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کی گرفتاری اور انہیں عدالتی تحویل میں دینا کے سی آر کی ڈکٹیٹر شپ کو ظاہر کرتا ہے۔ سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کے سی آر کا محبوب مشغلہ ہے۔ وہ حکومت کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو کچلنا چاہتے ہیں۔ آر سی کنتیا نے کہا کہ حکومت میں جاری بے قاعدگیوں اور کے سی آر خاندان کی بدعنوانیوں کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنے والے ریونت ریڈی کے خلاف حکومت نے انتقامی کارروائی کی ہے۔ انہوں نے حکومت سے وضاحت طلب کی کہ آیا کے ٹی آر نے جی او 111 کے تحت آنے والی اراضی پر فارم ہاوز تعمیر کیا یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قواعد کے مطابق اس اراضی پر کوئی بھی تعمیرات نہیں کی جاسکتیں۔ اگر کے ٹی آر حق پر ہیں تو انہیں تمام دستاویزات عوام کے درمیان پیش کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کی جدوجہد کو عوامی تائید حاصل ہے۔ کنتیا نے مقدمات سے دستبرداری اور رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی حکومت کی بے قاعدگیوں کو عوام میں بے نقاب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی پوری طرح ریونت ریڈی کے ساتھ متحد کھڑی ہے۔