حیدرآباد۔ 13 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کی گرفتاری کے مسئلہ پر تاملناڈو کی رکن پارلیمنٹ ایس جیوتی منی نے اسپیکر لوک سبھا کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ انہوں نے مکتوب میں کہا کہ رکن پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی جو حلقہ لوک سبھا ملکاجگری کی نمائندگی کرتے ہیں، انہیں ڈرون کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ انہیں ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ریونت ریڈی کے خلاف مقدمہ غیر منصفانہ ہے اور سیاسی اغراض کے تحت یہ کارروائی کی گئی۔ اسپیکر لوک سبھا سے خواہش کی گئی کہ وہ ریونت ریڈی کی فوری رہائی کو یقینی بنائیں تاکہ وہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کرسکیں۔ جیوتی منی تاملناڈو کے کرور لوک سبھا حلقے سے منتخب ہوئی ہیں۔ کانگریس یوتھ لیڈر کے مقام سے انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا۔ انہیں تامل، ملیالم، انگلش اور ہندی زبانوں پر عبور حاصل ہے۔ ان کا شمار راہول گاندھی کے بااعتماد قائدین میں ہوتا ہے۔