کانگریس اور ٹی آر ایس ارکان میں لفظی تکرار، انتقامی کارروائی کا الزام
حیدرآباد۔/14 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کی گرفتاری کے مسئلہ پر لوک سبھا میں کانگریس ارکان نے ہنگامہ آرائی کی۔ اس موقع پر کانگریس اور ٹی آر ایس ارکان کے درمیان تلخ الفاظ کا تبادلہ عمل میں آیا۔ کانگریس ارکان ایم ٹھاکور اور دیگر 2 ارکان نے تحریک التواء پیش کرتے ہوئے گرفتاری پر مباحث کا مطالبہ کیا۔ اسپیکر لوک سبھا نے اس کی اجازت نہیں دی لیکن کانگریسی رکن کو اظہار خیال کا موقع دیا۔ جس پر ٹی آر ایس ارکان ناما ناگیشورراؤ، کے پربھاکر ریڈی، بی بی پاٹل اور وائی ایس آر کانگریس کے رکن رگھوناتھ کرشنم راجو نے اعتراض جتایا۔ اس مرحلہ پر کانگریس اور ٹی آر ایس ارکان میں لفظی تکرار ہوئی۔ ٹھاکور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی انتقامی کارروائی کے طور پر ٹی آر ایس حکومت نے جھوٹا مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت جبکہ پارلیمنٹ کا سیشن جاری ہے گرفتاری ٹھیک نہیں۔ انہوں نے اس مسئلہ پر وزیر داخلہ سے بیان کا مطالبہ کیا۔ ٹی آر ایس رکن ناما ناگیشورراؤ نے کانگریس رکن کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ ایوان کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ شخصی آزادی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈرون کیمرہ سے فلمبندی پر پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ فی الوقت یہ معاملہ عدالت میں زیر دوران ہے۔ کانگریس رکن جوتی منی نے اسپیکر اوم برلا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ریونت ریڈی کی رہائی کیلئے مداخلت کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے ضمانت منظور کرنے کے بجائے جیل بھیج دیا ہے۔