ریونت ریڈی کے امیج کو متاثر کرنے کی سازش،کانگریس قائدین کا الزام

   

حیدرآباد۔/23 اپریل، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا کہ ایٹالہ راجندر منوگوڑ ضمنی چناؤ میں کانگریس کو 25کروڑ روپئے کی ادائیگی سے متعلق بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انجن کمار یادو، ڈاکٹر ملوروی، فہیم قریشی اور دوسروں نے بی جے پی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ سیاسی مقصد براری کیلئے الزام تراشی کا سلسلہ بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی نے ثبوت پیش کرنے کیلئے راجندر کو مندر آنے کا چیلنج کیا تھا لیکن وہ نہیں پہنچے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ بے بنیاد الزام تراشی کا مقصد ریونت ریڈی کے امیج کو متاثر کرنا ہے۔ ڈاکٹر ملو روی نے کہا کہ بی جے پی کی شناخت ملک بھر میں جھوٹی پارٹی کے طور پر ہے اور کانگریس قائدین کو طرح طرح سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے ایٹالہ راجندر سے سوال کیا کہ وہ جب تک کے سی آر کے ساتھ رہے بدعنوانیوں پر خاموش کیوں تھے۔ بی جے پی میں شمولیت کے بعد انہیں کے سی آر کی بدعنوانیوں کا خیال آیا۔ ملو روی نے کہا کہ کانگریس کے تمام قائدین اور کارکنوں کی رائے حاصل کرتے ہوئے ریونت ریڈی کو صدر مقرر کیا گیا ہے اور وہ کے سی آر اور بی آر ایس کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ الزام تراشی سے کانگریس کیڈر کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے اور آئندہ انتخابات میں عوام نے کانگریس کو اقتدار حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ کانگریس قائدین نے بی جے پی قائدین کو چیلنج کیا کہ وہ اپنے الزامات کے حق میں ثبوت عوام کے روبرو پیش کریں۔ر