ریونت ریڈی کے انتخابی حلقہ میں قبرستان ، درگاہ ، چھلہ کا انہدام افسوسناک

   

سیکولرازم کے نام پر مسلمانوں کے جذبات مجروح، کے ٹی آر اور سابق صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا رد عمل
حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت عوامی مسائل کی یکسوئی اور سیکولرازم پر برقراری میں ناکام ہوچکی ہے۔ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے تحت پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام کانگریس پارٹی جوبلی ہلز میں کامیابی کا خواب دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے جوبلی ہلز کے عوام بی آر ایس کے ساتھ ہیں اور کانگریس پارٹی کو سبق سکھائیں گے۔ سابق صدرنشین وقف بورڈ اور سابق رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے انتخابی حلقہ کوڑنگل میں سڑک کی توسیع کے نام پر قبرستانوں ، درگاہ شریف اور چھلہ مبارک کو نقصان پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ راتوں رات مذہبی مقامات پر بلڈوزر چلاتے ہوئے مسلمانوں کے جذبات مجروح کئے گئے ۔ انہوں نے کانگریس کے سیکولرازم کے دعوے کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ سیکولراز کے نام پر ریونت ریڈی مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی سیکولرازم صرف بی آر ایس دور میں رہا ۔ کے سی آر نے چیف منسٹر کی حیثیت سے مساجد کو آباد کیا اور ائمہ اور مؤذنین کیلئے ماہانہ اعزازیہ ملک میں ان کا کارنامہ ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ کے سی آر ، کے ٹی آر اور ہریش راؤ کی قیادت میں بی آر ایس عوامی مسائل کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ کانگریس حکومت سے عوام پریشان ہیں اور اگر انتخابات ہوں گے تو کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے دوبارہ برسر اقتدار آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیکولرازم کے دعویدار کانگریس قائدین اور ریونت ریڈی نے اپنے عمل کے ذریعہ ثابت کردیا ہے کہ وہ مسلمانوں کا احترام نہیں کرتے ۔ محمد سلیم نے کوڑنگل میں درگاہوں ، قبرستان اور چھلہ مبارک کی دوبارہ تعمیر کا مطالبہ کیا۔1