ریونت ریڈی کے جلسہ عام میں حملے کی کوشش بزدلانہ کارروائی

   

دوبارہ حملے پر کارکن جواب دیں گے، بھٹی وکرامارکا اور ہنمنت راؤ کا انتباہ
حیدرآباد۔یکم؍ مارچ،( سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے بھوپال پلی میں کل صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے جلسہ عام کے موقع پر بی آر ایس کارکنوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔ ان قائدین نے کہاکہ جمہوریت میں اپوزیشن کو ریلی اور جلسہ عام کے انعقاد کی اجازت ہے۔ برسراقتدار بی آر ایس قائدین پدیاترا کی کامیابی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنوں پر سنگباری پر پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ مقامی رکن اسمبلی وینکٹ رمنا نے حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کانگریس پارٹی حملوں سے خوفزدہ نہیں ہوگی اور نہ ہی کارکنوں کے حوصلے پست ہوں گے۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ کے سی آر حکومت کو جمہوریت پر ایقان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کی پدیاترا کے موقع پر جس انداز میں حملہ کیا گیا وہ بزدلی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے پاس نشانات بڑھانے کیلئے وینکٹ رمنا ریڈی نے یہ کارروائی کی۔ کانگریس پارٹی جواب دینا اچھی طرح جانتی ہے لیکن وہ صورتحال بگاڑنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا آندھرا پردیش میں بی آر ایس کے جلسوں پر حملہ کیا جائے تو کیا کے سی آر خاموش رہیں گے۔ کے سی آر نے تلنگانہ جاگو آندھرا والوبھاگو کا نعرہ لگایا تھا اور آندھرا پردیش میں جلسہ کے موقع پر اگر عوام ناراضگی کا اظہار کریں تو کیا کے سی آر قبول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنوں پر حملوں کے واقعات کا تدارک ہونا چاہیئے۔ وینکٹ رمنا ریڈی جو کانگریس سے جیت کر بی آر ایس میں شامل ہوئے انہیں عوام سبق سکھائیں گے۔ ہنمنت راؤ نے انتباہ دیا کہ اگر دوبارہ ایسی حرکت کی گئی تو پھر صورتحال قائدین کے کنٹرول سے باہر ہوجائے گی۔ ہنمنت راؤ نے چیتنیہ کالج میں انٹرمیڈیٹ کے طالب علم کی خودکشی کے معاملہ میں کالج انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ر