ریونت ریڈی کے دورہ کے موقع پر کاماریڈی میں صورتحال کشیدہ

   

کانگریس اور بی آر ایس کارکنوں کی نعرہ بازی، ریونت ریڈی کے بھائی پر حملہ کی کوشش
حیدرآباد 30 نومبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے دورہ کاماریڈی کے موقع پر اُس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب بی آر ایس کے کارکنوں نے اُنھیں پولنگ اسٹیشن کا معائنہ کرنے سے روکنے کی کوشش کی۔ ریونت ریڈی کوڑنگل میں رائے دہی میں حصہ لینے کے بعد کاماریڈی پہونچے جہاں سے وہ چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف مقابلہ کررہے ہیں۔ بھکنور منڈل کے جنگم پلی ضلع پریشد ہائی اسکول پولنگ مرکز کا معائنہ کرنے کے لئے ریونت ریڈی جیسے ہی پہونچے وہاں موجود بی آر ایس کارکنوں نے احتجاج کیا۔ اسی طرح کاماریڈی ٹاؤن کے اندرا نگر کالونی میں اُس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب بی آر ایس کے کارکنوں نے ریونت ریڈی کے خلاف مظاہرہ کیا۔ ریونت ریڈی امیدوار کے طور پر پولنگ اسٹیشنوں کا معائنہ کررہے تھے تاکہ رائے دہی کے بارے میں تفصیلات حاصل کی جاسکے۔ کانگریس کارکنوں نے جوابی طور پر نعرہ بازی کی جس کے نتیجہ میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ پولیس نے فوری مداخلت کرتے ہوئے بی آر ایس اور کانگریس کے کارکنوں کو منتشر کردیا۔ ریونت ریڈی رائے دہی کے اختتام تک کاماریڈی میں مختلف علاقوں کا دورہ کرتے رہے۔ اِسی دوران رائے دہی کی نگرانی کرنے والے ریونت ریڈی کے بھائی کنڈل ریڈی پر بی آر ایس کارکنوں نے مبینہ طور پر حملہ کردیا۔ کنڈل ریڈی الیکشن ایجنٹ ہیں اور وہ مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کررہے تھے۔ بی آر ایس کارکنوں نے کنڈل ریڈی کی گاڑی کو روک دیا اور غیر مقامی قرار دیتے ہوئے واپس جانے کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پالیا۔ کنڈل ریڈی نے شکایت کی کہ صبح سے اُن پر منظم انداز میں حملے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پولیس بی آر ایس کارکنوں کی مدد کررہی ہے۔ بی آر ایس کارکنوں نے الزام عائد کیاکہ غیر مقامی افراد رائے دہندوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ رائے دہی کے اختتام کے بعد بھی بی آر ایس کارکنوں نے کنڈل ریڈی اور اُن کے ساتھیوں کو کاماریڈی سے چلے جانے پر زور دیا تھا۔