ٹی آر ایس کے حلقوں میں قیاس آرائیاں جاری
حیدرآباد: وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کی جانب سے ان کے خلاف ٹوئیٹر پر کئے گئے ریمارکس کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گھٹیا افراد کی ذہنیت بھی گھٹیا ہوتی ہے۔ اس طرح کے ریمارکس پر وہ تبصرہ کرنا نہیں چاہتے۔ واضح رہے کہ کابینہ سے جگدیش ریڈی کی علحدگی سے متعلق اخباری اطلاعات کی بنیاد پر ریونت ریڈی نے ٹوئیٹر پر دلچسپ ریمارک کیا تھا جس میں جگدیش ریڈی کے علاوہ دو ارکان اسمبلی کے نام بھی شامل کئے گئے جنہوں نے مبینہ طور پر چیف منسٹر اور ان کے افراد خاندان کے خلاف ریمارکس کئے تھے۔ ٹی آر ایس کے حلقوں میں کہا جارہاہے کہ جگدیش ریڈی کے فرزند کی برتھ ڈے پارٹی میں چیف منسٹر کے خلاف جن قائدین نے اظہار خیال کیا تھا، وہ معاملہ چیف منسٹر کے پاس پہنچ چکا ہے۔ جگدیش ریڈی نے اس معاملہ میں کسی بھی تبصرہ سے انکار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریونت ریڈی کی سطح پر گفتگو نہیں کرسکتے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی آر ایس حکومت غریبوں کو کارپوریٹ طرز کی طبی سہولتیں مفت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے نلگنڈہ میں حکومت کے ڈیاگناسٹک سنٹر کا افتتاح کیا ۔