حیدرآباد۔21۔ ستمبر (سیاست نیوز) پردیش کانگریس تادیبی کارروائی کمیٹی کے صدرنشین ایم کودنڈا ریڈی نے بتایا کہ اتم کمار ریڈی کے بارے میں ریونت ریڈی کے ریمارکس پر کمیٹی کے اجلاس میں غور کیا گیا ۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ اس مسئلہ کا سنجیدگی سے نوٹ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں ابتدائی دو دنوں میں کانگریس ارکان نے جس طرح عوامی مسائل کو پیش کیا اس سے کانگریس کا وقار بہتر ہوا تھا لیکن تیسرے دن ریونت ریڈی نے برقی مسئلہ پر کانگریس ارکان پر اظہار خیال نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے پارٹی کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی یہ طئے کرتے ہیں کہ اسمبلی میں کب اور کس مسئلہ پر بات چیت کی جائے ۔ کودنڈا ریڈی نے کہا کہ سمپت کمار کو سیلفی کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کے بازو ٹھہرکر کئی لوگ سیلفی لیتے ہیں۔ انہوں نے سمپت کمار کے بارے میں ریونت ریڈی کے بیان کو افسوسناک قرار دیا ۔ کودنڈا ریڈی نے کہا کہ یورانیم کے مسئلہ پر سب سے پہلے سمپت کمار اور ومشی چندر ریڈی نے ہائی کمان کو رپورٹ پیش کی تھی۔ انہوں نے یورانیم کے مسئلہ پر منعقدہ کل جماعتی اجلاس میں کانگریس کی شرکت کو حق بجانب قرار دیا۔