چیف منسٹر کا شخصی دعوت نامہ حوالے، یوم تاسیس تقاریب میں شرکت کی دعوت
حیدرآباد 31 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر حکومت کے مشیر برائے پروٹوکول وینو گوپال نے پروٹوکول ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کے ہمراہ بی آر ایس سربراہ اور سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے اُن کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ اُنھوں نے 2 جون کو تلنگانہ یوم تاسیس تقاریب میں شرکت کے لئے چیف منسٹر کی جانب سے خصوصی دعوت نامہ اور مکتوب حوالے کیا۔ وینو گوپال کے ہمراہ جی اے ڈی کے ڈائرکٹر پروٹوکول اروند سنگھ اور ڈپٹی ڈائرکٹر محمد بیگ موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے چیف منسٹر کا مکتوب اور دعوت نامہ حاصل کرتے ہوئے شرکت کے بارے میں کوئی واضح تیقن نہیں دیا۔ واضح رہے کہ بی آر ایس کی جانب سے یوم تاسیس کے سلسلہ میں 3 روزہ تقاریب کا اعلان کیا گیا ہے۔ کے سی آر سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینو گوپال نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر کے سی آر کو خصوصی دعوت نامہ حوالے کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ یوم تاسیس تقاریب کسی ایک پارٹی کی نہیں بلکہ تلنگانہ کے ہر فرد سے اُس کا تعلق ہے۔ حکومت نے بڑے پیمانے پر تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق چیف منسٹر اور قائد اپوزیشن کی حیثیت سے کے سی آر کو تقاریب میں شرکت کی خواہش کی گئی جس پر اُنھوں نے مثبت ردعمل ظاہر کیا۔ وینو گوپال نے کہاکہ سونیا گاندھی نے علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں اہم رول ادا کیا ہے اور تلنگانہ عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کے احترام میں علیحدہ ریاست تشکیل دی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت تلنگانہ تحریک میں شامل تمام قائدین اور جہدکاروں کو تقاریب کا حصہ بنانا چاہتی ہے۔ 1