ریونت ریڈی کے ’ پرجا دربار‘ پروگرام میں عوامی شکایات کیلئے ہجوم

   

دو دن میں تقریباً 1000 درخواستیں، چیف منسٹر نے عہدیداروں کو متعین کردیا
حیدرآباد۔/10 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے ہر جمعہ کو سابقہ پرگتی بھون میں ’پرجا دربار‘ منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ حلف برداری کے دوسرے دن ریونت ریڈی نے پہلے پرجا دربار میں شرکت کرتے ہوئے عوامی مسائل کی سماعت کی اور عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔ عوام کی کثرت کو دیکھتے ہوئے ریونت ریڈی نے باقاعدہ شکایتی سیل کی طرح عہدیداروں کو متعین کیا اور روزانہ درخواستوں کی وصولی کی ہدایت دی۔ بتایا جاتا ہے کہ آج دوپہر تک بھی عوام ’ پرجا بھون‘ پہنچ کر اپنی شکایات پیش کررہے تھے۔ حکومت کی جانب سے پانچ خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے گئے جہاں تمام شکایات کو کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے تاکہ یکسوئی کے بارے میں درخواست گذاروں کو اطلاع دی جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ دو دنوں میں تقریباً ایک ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ چیف منسٹر جمعہ کے دن راست طور پر مسائل کی سماعت کریں گے جبکہ دیگر ایام میں عہدیداروں کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ آج اتوار کے باوجود پرجا بھون کے روبرو عوام کی قطار دیکھی گئی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ایڈیشنل کمشنر روی کرن نے آج پرجا دربار میں عوامی مسائل کی سماعت کی۔ عوام کا کہنا ہے کہ انہیں ’ پرجا دربار‘ سے امید ہے کہ مسائل کی یکسوئی ہوگی۔ امید کی جارہی ہے کہ آنے والے دنوں میں پرجا دربار میں مزید درخواستوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔