ریونیو ڈپارٹمنٹ سے وقف اراضی واپس لینے میں کامیابی

   

صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی مداخلت پر ٹاسک فورس کی کارروائی
حیدرآباد: تلنگانہ وقف بورڈ کے عہدیداروں نے میدک میں قبرستان کی اراضی پر ریونیو ڈپارٹمنٹ کے ناجائز قبضہ کو ہٹانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم کو میدک سے تعلق رکھنے والے مقامی افراد نے شکایت کی کہ اوسل پلی قبرستان کی اراضی پر محکمہ مال کی جانب سے سرکاری اراضی کا بورڈ آویزاں کیا گیا ہے ۔ ریونیو ڈپارٹمنٹ نے اس اراضی پر اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ وقف بورڈ کی ٹاسک فورس ٹیم کو میدک روانہ کیا گیا جہاں انہوں نے محکمہ مال کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور وقف اراضی سے متعلق دستاویزات پیش کئے ۔ ریونیو عہدیداروں نے دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد اپنا بورڈ نکال لیا اور تاہم انہوں نے اراضی کے مشترکہ سروے کی تجویز پیش کی ہے۔ ریونیو اور وقف بورڈ کی جانب سے مشترکہ سروے بہت جلد کیا جائے گا ۔ آر ڈی او میدک سائی رام نے وقف عہدیداروں کو تیقن دیا کہ سروے کے بعد اراضی کے وقف ثابت ہونے پر کوئی مداخلت نہیں کی جائے گی۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ مسلم قبرستان کی وسیع و عریض اراضی کی حصاربندی کی جائے گی تاکہ مستقبل میں غیر مجاز قبضوں کو روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے متعین کئے گئے ڈی ایس پی کی نگرانی میں ٹاسک فورس ٹیم کو شہر اور اضلاع کے ناجائز قبضوں کی برخواستگی کے لئے روانہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابضین کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی کی جائے گی۔