ریونیو کے بعد رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ میں اصلاحات کی تیاریاں

   

حیدرآباد: ریونیو ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کے اختیارات میں کمی کے بعد حکومت نے رجسٹریشن اینڈ اسٹامپ ڈپارٹمنٹ پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ حکومت رجسٹریشن اینڈ اسٹامپ ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی کو شفاف بنانے کے لئے عہدیداروں کے اختیارات میں کمی کرسکتی ہے۔ محکمہ مال میں اصلاحات کے نفاذ سے کارکردگی میں بہتری کا امکان ہے ، لہذا حکومت نے رجسٹریشن اینڈ اسٹامپ میں کرپشن کم کرنے کیلئے اصلاحات کی تیاری کرلی ہے۔ حکومت نے حال ہی میں سب رجسٹرار دفاتر کو غیر زرعی جائیدادوں کے رجسٹریشن سے روک دیا ہے ۔ تحصیلدار کو زرعی اراضیات اور جائیدادوں کے رجسٹریشن کا اختیار دیا گیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق رجسٹریشن اینڈ اسٹامپ ڈپارٹمنٹ میں فریقین کی جانب سے معاہدہ میں طئے کی گئی مالیت کے مطابق رجسٹریشن اور اسٹامپ ڈیوٹی وصول کی جارہی ہے جبکہ حکومت کی مالیت اس سے کہیں زیادہ ہے۔ انڈین اسٹامپ ایکٹ کے تحت رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کو جائیدادوں کی رجسٹریشن مالیت پر نظرثانی کا اختیار دیا گیا ہے۔ سب رجسٹریشن دفاتر میں سرکاری کام کاج کو شفاف بنانے اور کرپشن کے خاتمہ میں اصلاحات کا نفاذ اہم رول ادا کرسکتا ہے ۔