ریوینو ملازمین کی بھوبھارتی کی یکسوئی میں کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا

   

نظام آباد آر ڈی او آفس نارتھ اور ساؤتھ تحصیل دفاتر کا کلکٹر کا اچانک معائنہ
نظام آباد:15 /جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹرنظام آباد مسٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اراضی مسائل کے مستقل حل کے لیے متعارف کردہ بھوبھارتی قانون کو مؤثر انداز میں نافذ کرنا ہر ریونیو اہلکار کی اولین ذمہ داری ہے اور درخواستوں کے حل میں کسی قسم کی تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔نظام آباد کلکٹر نے اچانک نظام آباد آر ڈی او آفس کے علاوہ نارتھ اور ساؤتھ تحصیل آفس کا معائنہ کیاجہاں انہوں نے بھوبھارتی ریونیو اجلاسوں کے دوران موصولہ درخواستوں ان پر کی گئی کارروائیوں اور متعلقہ ریکارڈس کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ ہر درخواست کو باریک بینی سے جانچ کریں اور دستیاب ریکارڈس سے مطابقت کے بعد مقررہ مدت میں فیصلہ کیا جائے تاکہ بھوبھارتی قانون کے تحت عوام کو فوری اور منصفانہ انصاف حاصل ہو سکے۔کلکٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے کہا کہ بھوبھارتی قانون کی مکمل سمجھ ہر اہلکار کو ہونی چاہیے تاکہ درخواستوں کا آسان اور بروقت حل ممکن ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ زیرالتواء درخواستوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور قانون کی تمام دفعات کی سختی سے پاسداری کی جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ فیلڈ انکوائری مکمل احتیاط سے کی جائے تاکہ نئے آر او آر قانون میں موجود اپیل اور نظرثانی کی گنجائش کے باوجود کسی قسم کی غلطی کا امکان باقی نہ رہے۔ کلکٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو حکم دیا کہ زیر التواء درخواستوں کی تفصیل اور ان کے تصفیہ میں حائل رکاوٹوں پر مشتمل رپورٹ فوری طور پر روانہ کی جائے۔ اس موقع پر کلکٹر کے ہمراہ آر ڈی او راجندر کمار، تحصیلدار بالا راجو، وجے کانت اور دیگر ریونیو حکام موجود تھے۔ دریں اثناء کلکٹر نے اعلان کیا کہ حکومت کی جانب سے 16/ جون کو منعقد ہونے والے ”رعیتو نستھم” (کسان دوست) پروگرام کے پیش نظر ضلع بھر کی تمام کسان ویدیکاؤں کو خوبصورت انداز میں تیار کیا جائے۔ کلکٹر نے ڈچپلی منڈل کے ناڈی پلی اور موپال منڈل میں کسان ویدیکاؤں کا معائنہ کیا اور موجود سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ہر کسان ویدیکا میں پانی، بیت الخلاء اور مناسب فرنیچر کی سہولت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ویدیکا کو صاف ستھرا رکھا جائے اور اس کے احاطے کو پھولوں اور ہریالی سے خوشنما بنایا جائے۔ کلکٹر نے ہدایت دی کہ رعیتو نستھم پروگرام میں مثالی کسانوں کے ساتھ مقامی عوامی نمائندوں کو مدعو کیا جائے اور چونکہ ریاست کے وزیر اعلیٰ اس موقع پر کسانوں سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کریں گے، اس لیے کسی بھی تکنیکی رکاوٹ سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات مکمل کر لیے جائیں۔ اس موقع پر ضلع زرعی افسر ویرا سوامی اور دیگر متعلقہ عہدیدار موجود تھے۔