ریویو پٹیشن داخل نہ کرنے کافیصلہ:سنی وقف بورڈ کے فیصلہ کا خیرمقدم: بی جے پی

,

   

نئی دہلی: بابری مسجد۔ رام جنم بھومی معاملہ پر سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلہ آنے کے بعد سنی وقف بورڈ نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ سپریم کور ٹ میں نظر ثانی کی اپیل (ریویو پٹیشن) داخل کریں گے۔ لیکن دو دن قبل سنی وقف بورڈ کا اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ لیا گیا کہ سنی وقف بورڈ نظرثانی کی اپیل کے فیصلہ کو ملتوی کرتی ہے۔ بی جے پی نے سنی سنٹرل وقف بورڈ کے اس فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ بی جے پی کے ترجمان سید شاہنواز حسین نے بات کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ بھی اپنے فیصلہ پر نظرثانی کرے اور مسلمانوں کے جذبات کا خیال کرتے ہوئے دونوں فرقوں میں تفرقہ پیدا نہ کرے۔

بی جے پی ترجمان شاہنواز حسین نے کہا کہ ایودھیا فیصلہ آنے سے قبل ہندو۔ مسلم کے مذہبی رہنماؤں نے یہ طے کیا تھا کہ جو بھی فیصلہ آئے گا اس کو وہ تسلیم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے فیصلہ سنایا او رملک کے مسلمانوں نے اسے قبول کیا۔

انہوں نے کہا کہ سنی وقف بورڈ اور بابری مسجد کے فریق اقبال انصاری نے سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف نظر ثانی کی اپیل داخل نہ کرنے اور فیصلہ کا احترام کرنے کا اعلان کیا تھا یہ ایک بہت اچھی بات ہے جس کی وجہ سے پورے ملک میں سنی وقف بورڈ کی تعریف کی جارہی ہے اوربی جے پی اس کا خیرمقدم کرتی ہے۔ واضح رہے کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سپریم کورٹ میں فیصلہ کے خلاف ریویو پٹیشن دائر کریں گے۔