ریو پارٹی، 3 پولیس عہدیدار معطل، 2 اعلیٰ عہدیداروں کو وجہ نمائی نوٹس

   

فلم ایکٹرس ہیما اور دوسروں کو بچانے پولیس پر سیاسی دباؤ‘تلگو ریاستوں کی سیاسی شخصیتیں سرگرم، 86 افراد کی مرحلہ وار طلبی ، حیدرآباد سے ایک اور گرفتاری
حیدرآباد 27 مئی (سیاست نیوز) بنگلور کی متنازعہ ریو پارٹی میں فلمی شخصیتوں کی شرکت کا معاملہ دن بہ دن پیچیدہ ہورہا ہے۔ گزشتہ ہفتہ پولیس نے بنگلور کے نواحی علاقہ میں فارم ہاؤز پر دھاوا کرتے ہوئے 100 سے زائد افراد کو حراست میں لیا جن میں تلگو فلم انڈسٹری سے وابستہ کئی شخصیتیں موجود تھیں۔ پولیس نے 103 افراد کے بلڈ سیمپل کا ٹسٹ کروایا جن میں سے 86 پازیٹیو پائے گئے۔ ڈرگس کے استعمال سے متعلق پازیٹیو ٹسٹ نے ٹالی ووڈ میں ہلچل پیدا کردی ہے۔ بنگلور کی سنٹرل کرائم برانچ سے وابستہ اینٹی نارکوٹکس ونگ نے ڈرگس کی سربراہی اور استعمال کا پتہ چلانے کے لئے کئی افرادکو نوٹس جاری کی ہے جن میں مشہور فلم ایکٹرس ہیما شامل ہیں۔ پولیس نے ڈرگس کے استعمال کے ٹسٹ میں پازیٹیو آنے والے تمام 86 افراد کو مرحلہ وار طور پر تحقیقات کے لئے طلب کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق فلم ایکٹرس ہیما نے سنٹرل کرائم برانچ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تحقیقات کے لئے پیش ہونے کی مزید مہلت مانگی ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ وہ وائرل فیور کا شکار ہیں اور مقررہ تاریخ پر تحقیقات کے لئے پیش ہونے سے قاصر ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بنگلور پولیس ہیما کو دوسری نوٹس جاری کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ ہیما کے علاوہ دیگر 3 فلمی شخصیتوں کو نوٹس جاری کی گئی جن میں آشی رائے اور واسو شامل ہیں۔ باقی 2 فلمی شخصیتوں کی پولیس کے روبرو پیشی کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم ہیما کا معاملہ تلگو فلم انڈسٹری میں کافی گرم ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والی اہم سیاسی شخصیتیں بنگلور پولیس پر دباؤ بنارہی ہیں کہ وہ ہیما کو ڈرگس معاملہ میں کلین چٹ دے۔ ریو پارٹی میں دونوں تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے جن کے سیاستدانوں سے قریبی روابط بتائے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پولیس پر سیاسی دباؤ بنایا جارہا ہے۔ ہیما نے ایک طرف تحقیقات کے لئے پیش ہونے کا وقت مانگا ہے تو دوسری طرف مووی آرٹسٹ اسوسی ایشن نے ہیما کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہاکہ جب تک وہ قصوروار ثابت نہیں ہوتیں اُنھیں مووی آرٹسٹ اسوسی ایشن بے قصور مانتی ہے۔ اسوسی ایشن کے صدر منچو وشنو نے کہاکہ پولیس کی جانب سے ٹھوس شواہد پیش کرنے کے بعد ہی اسوسی ایشن کوئی کارروائی کرسکتی ہے۔ وشنو نے کہاکہ ہیما ماں، بیوی اور قابل احترام خاتون ہیں لہذا کسی ثبوت کے بغیر الزام تراشی ٹھیک نہیں ہے۔ واضح رہے کہ بنگلور پولیس نے ہیما کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو کو فیک قرار دیا جس میں اُنھوں نے پارٹی کے موقع پر حیدرآباد میں موجود رہنے کا دعویٰ کیا۔ پولیس کے دھاوے کے فوری بعد ہیما نے فارم ہاؤز کے ایک گوشہ میں وہ ویڈیو تیار کیا تھا۔ ویڈیو اور پارٹی میں موجودگی کا ڈریس ایک ہی تھا۔ اِسی دوران جی ایم فارم ہاؤز کے مالک کو پولیس نے نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈرگس کی سربراہی کے بارے میں تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ جن 86 افراد کو نوٹس جاری کی جائے گی اُن کی تحقیقاتی عہدیداروں کے روبرو موجودگی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریو پارٹی میں بھاری مقدار میں منشیات کی مختلف اقسام کو ضبط کیا گیا تھا۔ پولیس ریو پارٹی کی آڑ میں سیکس ریاکٹ کی بھی جانچ کررہی ہے۔ اِسی دوران پولیس نے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا جو ریو پارٹی کے آرگنائزرس میں سے ایک بتایا جاتا ہے۔ اِس معاملہ میں تاحال 6 افراد کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ ریو پارٹی کا پتہ چلانے میں ناکامی پر 3 پولیس عہدیداروں کو معطل کیا گیا جن میں سب انسپکٹر نارائن سوامی، ہیڈ کانسٹبل دیو راجہ اور کانسٹبل گریش شامل ہیں۔ تینوں پولیس عہدیدار ریو پارٹی کی رات میں علاقہ میں گشتی ڈیوٹی پر تھے لیکن وہ پارٹی کا پتہ چلانے میں ناکام رہے۔ متعلقہ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر اور علاقہ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی ہے۔ اِسی دوران بی جے پی نے سوشل میڈیا کے ذریعہ ریو پارٹی کا حوالہ دیتے ہوئے بنگلور کا پنجاب سے تقابل کیا۔ وزیرداخلہ کرناٹک جی پرمیشور نے بی جے پی کی مذمت کی اور کہاکہ حکومت شہر میں ڈرگس اور ریو پارٹی جیسی سرگرمیوں کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ کرناٹک ڈرگس فری ریاست بنانا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ 1