ریو پارٹی ، تلگو فلم ایکٹریس ہیما کو بنگلور پولیس کی دوسری نوٹس

   

یکم جون کو پیش ہونے کی ہدایت، کئی اہم شخصیتیں تحقیقات کے دائرہ میں
حیدرآباد ۔ 30۔ مئی (سیاست نیوز) بنگلور پولیس نے ریو پارٹی میں ڈرگس کے استعمال سے متعلق تحقیقات کے لئے تلگو فلم ایکٹریس ہیما کو دوسری مرتبہ نوٹس جاری کی ہے ۔ گزشتہ ہفتہ بنگلور پولیس نے شہر کے نواحی علاقہ میں واقع فارم ہاؤز پر دھاوا کرتے ہوئے ریو پارٹی کو بے نقاب کیا تھا۔ پارٹی میں 100 سے زائد افراد شریک تھے جن کا تعلق تلنگانہ اور آندھراپردیش سے بتایا جاتا ہے۔ تلگو فلم انڈسٹری سے وابستہ تین شخصیتوں کی نشاندہی کی گئی جن میں ایکٹریس ہیما شامل ہیں۔ پولیس نے پارٹی میں شریک تمام افراد کے بلڈ سیمپلس کا ٹسٹ کرایا جن میں 86 افراد کا ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا جس کا مطلب یہ ہوا کہ 86 افراد نے ڈرگس کا استعمال کیا تھا۔ پولیس نے ہیما اور دیگر 85 افراد کو تحقیقات کیلئے پولیس کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت دی۔ فلم ایکٹریس ہیما نے پہلی نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وائرل فیور کے باعث مزید 7 دن کی مہلت طلب کی۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے ہیما کو دوسری نوٹس جاری کرتے ہوئے یکم جون کو بنگلور میں تحقیقاتی عہدیداروں کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔ ہیما کو دوسری نوٹس کی اجرائی سے اندازہ ہوتا ہے کہ بنگلور پولیس ڈرگس کے استعمال کی تیزی سے جانچ کر رہی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق پارٹی میں شریک کئی افراد نے پولیس سے رجوع ہوکر اپنے موقف کی وضاحت کی ہے ۔ بنگلور کرائم برانچ پارٹی میں موجود ایک کار کے مالک کی تلاش کر رہی ہے جس کار پر ایم ایل اے کا اسٹیکر موجود تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تحقیقات میں فلمی اور سیاسی شعبہ جات کی کئی اہم شخصیتوں کے نام بے نقاب ہوسکتے ہیں جو ڈرگس اسکام میں مبینہ طور پر ملوث ہیں۔ 1