کوپن ہیگن۔ 24 مئی (یو این آئی) ڈنمارک میں 2040 تک ریٹائرمنٹ کی عمر کو بتدریج بڑھاتے ہوئے 70 سال تک کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈنمارک کی پارلیمان نے سرکاری اداروں میں مدت ملازمت سے متعلق ایک نیا قانون سے منظور کر لیا جس کے حق میں 81 جب کہ مخالفت میں صرف 21 ووٹ ڈالے گئے ۔رپورٹس کے مطابق پارلیمان سے منظور کیے گئے اس نئے قانون کے تحت ملک میں ریٹائرہونے کی عمر کو بتدریج بڑھا یا جائے گا جو 2040 تک 70 تک سال ہوجائے گی۔ڈنمارک میں اس وقت ریٹائرمنٹ کی عمر 67 سال ہے جو 2030 میں 68 اور 2035 میں 69 سال ہو جائے گی۔ اگر اس فیصلے پر عمل درآمد کرلیا جاتا ہے تو ڈنمارک یورپی ممالک میں ریٹائرمنٹ کی سب سے زیادہ عمر والا ملک بن جائے گا۔