ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ یقینی!

   

نئی دہلی : ہندوستان میں ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ ہونے کی قوی توقع ہے کیونکہ مدت حیات اونچی ہوگئی ہے۔ وزیر فینانس نرملا سیتارمن نے پارلیمنٹ میں معاشی سروے پیش کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کرنا شاید ناگزیر ہے۔ ہندوستان کی آبادی 2031-41ء کے دوران 0.5% سے کچھ کم بڑھنے کی توقع ہے جس کا سبب مدت حیات میں اضافہ اور شرح پیدائش میں گراوٹ ہے۔ افرادی قوت کو اسی کے مطابق تیار کرنا چاہئے۔

اجنبی مرد، عورت ایک ہی اسٹریچر پر!
اندور : ایک مرد اور ایک عورت مریض جو ایک دوسرے کیلئے اجنبی ہیں، انھیں یکساں اسٹریچر استعمال کرنے پر مجبور کیا گیا جبکہ ان کو یہاں سرکاری مہاراجہ یشونت راؤ ہاسپٹل میں ایکس رے روم کو لیجایا جارہا تھا۔ اس واقعہ کا مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایم وائی ایچ انتظامیہ نے جمعرات کو انکوائری کا حکم دیا اور اسٹاف ممبرز کو نوٹسیں جاری کئے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ واقعہ کب پیش آیا۔ ویڈیو میں دونوں مریضوں کو بے چین دیکھا جاسکتا ہے۔