چیف منسٹر کے سی آر نے خراج پیش کیا
حیدرآباد۔ متحدہ آندھرا پردیش کے سینئر آئی اے ایس عہدیدار نریندر لوتھر کا آج صبح حیدرآباد میں دیہانت ہوگیا۔ ان کی آخری رسومات آج شام جوبلی ہلز شمشان گھاٹ میں انجام دی گئیں۔ نریندر لوتھر کا شمار حیدرآبادی تہذیب کی نمائندہ شخصیتوں اور اردو سے غیر معمولی وابستگی رہنے والے افراد میں ہوتا ہے۔ وہ اردو سے نہ صرف واقف تھے بلکہ اردو زبان میں مضامین اور کلام تحریر کرتے تھے۔ حیدرآباد میں ادبی سرگرمیوں میں نریندر لوتھر کا اہم رول رہا۔ مشاعروں کے علاوہ ادبی و مزاحیہ نشستوں کے اہتمام میں نریندر لوتھر نے غیر معمولی دلچسپی لی۔ حیدرآباد کی تاریخ پر ان کی تحریریں کافی مقبول ہوئی ہیں۔ پسماندگان میں اہلیہ بیندی لوتھر، فرزند راہول لوتھر، دختر سمدھیا لوتھر اور پوتے و نواسے شامل ہیں۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبرات 9849069609 اور 8179769631 پر ربط قائم کیا جاسکتا ہے۔ نریندر لوتھر حیدرآباد کی کئی ادبی اور تہذیبی تنظیموں سے وابستہ رہے۔ انہوں نے کئی رضاکارانہ تنظیموں کے کاموں میں حصہ لیا تھا۔شہر کی مختلف ادبی تنظیموں نے نریندر لوتھر کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے تعزیتی پیام میں 89 سالہ آئی اے ایس عہدیدار نریندر لوتھر کے دیہانت پر دکھ کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نریندر لوتھر ایک مصنف اور مقبول کالم نگار تھے۔ انہوں نے سابق ریاست حیدرآباد کی تاریخ اور تہذیب پر غیر معمولی کام کیا تھا۔ وہ حیدرآباد میں تاریخی چٹانوں کے تحفظ سے متعلق سوسائٹی کے صدر تھے۔ چیف منسٹر نے بیورو کریٹ کی حیثیت سے متحدہ آندھرا پردیش میں مختلف عہدوں پر نریندر لوتھر کی خدمات کی یاد تازہ کی۔ کے سی آر نے پسماندگان اور افراد خاندان سے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔