ریٹائرڈ فوجی آفیسر کو غیر ملکی قرار دینے پر دس ہزار کا جرمانہ

   

الیکشن عہدیدارکیخلاف گوہاٹی ہائی کورٹ کی کاروائی

گوہاٹی : گوہاٹی ہائی کورٹ نے ایک ریٹائرڈ فوجی افسر کو غیر ملکی قرار دینے پر انتخابی حکام پر جرمانہ عائد کیا ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کو 10 ہزار روپے ہرجانہ دینے کے ساتھ ساتھ الیکشن افسر کی نشاندہی کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ دراصل یہ عرضی 2019 میں دائر کی گئی تھی۔اس کا تصفیہ کرتے ہوئے، پیر (20 فروری) کو جسٹس اچنتیا مالا بجور بروا اور جسٹس رابن فوکن کی ڈویژن بنچ نے 52 ڈبروگڑھ اسمبلی کے الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر (ای آر او) پر 10000 روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ عدالت نے یہ جرمانہ ریٹائرڈ فوجی افسر کو فارنرز ٹربیونل بھیجنے کے لیے لگایا گیا۔دراصل ڈبروگڑھ اسمبلی کے الیکشن افسر نے جگت بہادر چھتری کو مشکوک ووٹر قرار دیتے ہوئے انہیں غیر ملکی قرار دیا تھا۔ جگت بہادر نے 38 سال تک ہندوستانی فوج میں خدمات انجام دی ہیں۔ میڈیا کے مطابق عدالت نے مشاہدہ کیا کہ جگت بہادر چھتری کی تاریخ پیدائش 1937 ہے اور ان کی جائے پیدائش ڈبرو گڑھ ہے۔ انہوں نے 1963 میں فوج میں شمولیت اختیار کی تھی اور اب ان کی عمر 85 سال ہے۔گوہاٹی ہائی کورٹ نے پیر کو اپنے حکم میں کہا کہ اگر جگت بہادر چھتری 1937 میں پیدا ہوئے تھے اور ان کی جائے پیدائش ڈبرو گڑھ ہے۔ ایسا کوئی مواد نہیں ہے کہ اس کی پیدائش کے بعد اس نے مخصوص علاقے (بنگلہ دیش) میں ہجرت کی اور 25 مارچ 1971 کے بعد ریاست آسام میں دوبارہ داخل ہوئے۔عدالت نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ 52 ڈبرو گڑھ اسمبلی حلقہ کے ای آر او کی جانب سے درخواست گزار کو رائے کے لیے فارنرز ٹریبونل کے پاس بھیجنے کے فیصلے کو انصاف کے ساتھ نہیں لیا گیا ہے۔عدالت نے مزید بتایا کہ درخواست گزار 1963 سے ہندوستانی فوج میں خدمات انجام دے رہے تھے اور سال 2005 میں ریٹائر ہوئے۔ تفتیشی افسر نے اپنی ڈیوٹی ٹھیک طریقے سے ادا نہیں کی۔ دراصل ریٹرننگ آفیسر نے جگت بہادر چھتری کو ڈبرو گڑھ حلقہ کے لیے نااہل ووٹر قرار دیا تھا۔اس کے بعد چھتری نے اپنی شہریت پر سوال اٹھاتے ہوئے عدالت کا رخ کیا۔