نئی دہلی۔ 2 اگست (یواین آئی) حکومت کی جانب سے کم از کم پنشن میں اضافہ کی بار بار یقین دہانی کے باوجود اس معاملے میں کوئی کارروائی نہ کرنے سے ناراض ای پی ایس-95 اسکیم کے پنشنرز 4-5 اگست کو یہاں جنتر منتر پر دھرنا۔ مظاہرہ کریں گے ۔ پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران چلائی جانے والی اس تحریک کے بارے میں ای پی ایس-95 نیشنل ایجی ٹیشن کمیٹی (این اے سی) کے صدر کمانڈر اشوک راوت نے ہفتہ کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ گزشتہ 10 برسوں سے بزرگ پنشنرز پنشن میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنا، مظاہرے اور تحریک کر رہے ہیں، لیکن حکومت ان کی ضروریات کو نظر انداز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنشنرز بھیک نہیں مانگ رہے ، اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنا حق مانگ رہے ہیں، 7500 روپے کی کم از کم پنشن، مہنگائی الاؤنس اور مفت طبی سہولت کا مطالبہ کر رہے ہیں، حکومت متعدد بار یقین دہانیوں کے باوجود اس سمت میں کوئی قدم نہیں اٹھا رہی، اب ہماری برداشت کی حد ختم ہو گئی ہے ۔