ریٹائرڈ ملازمین کے فوائد فوری جاری کریں : ہریش راؤ

   

حکومت کی مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی سے 8000 ریٹائرڈ ملازمین پریشان
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے کانگریس حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کی مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی سے 8000 ریٹائرڈ ملازمین ریٹائرمنٹ کے بنیفٹس سے محروم ہوجانے کا الزام عائد کیا ۔ ہریش راؤ نے سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ زندگی کی ساری عمر سرکاری ملازمتوں میں لگانے والے ملازمین اپنی تنخواہ میں بچت کرتے ہیں تاکہ وظیفہ حسن پر سبکدوشی کے بعد باقی کی زندگی آرام سے گذار سکے لیکن کانگریس حکومت ریٹائرمنٹ کے فائدوں کو روکتے ہوئے ریٹائرڈ ملازمین سے نا انصافی کررہی ہے ۔ جس سے ریٹائرڈ ملازمین سنگین مسائل سے دوچار ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ہر خاندان کے اپنے الگ مسائل ہیں ۔ کسی کی بیٹی کی شادی ، کسی کے صحت سے متعلق مسائل ہیں تو کوئی قرضوں میں مبتلا ہیں ۔ ریٹائرڈ ملازمین کے بارے میں سونچنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ آروگیہ بھدرا کارڈس سے علاج کرانے کے لیے ہاسپٹلس پہونچنے پر وہ بھی کارکرد نہ ہونے کا ہاسپٹلس انتظامیہ سے جواب ملنے پر ریٹائرڈ ملازمین پریشان ہیں ۔ حکومت کی لاپرواہی سے 30 سال تک محکمہ پولیس میں خدمات انجام نارائن سنگھ کے لیے انتہائی مشکل مسئلہ بن گیا ہے ۔ ایک نارائن سنگھ ہی نہیں بلکہ 8 ہزار ریٹائرڈ ملازمین کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو سرکاری ملازمین سے ذرا سی بھی ہمدردی ہے تو وہ ریٹائر ملازمین کو فوری ریٹائر منٹ کے فائدے پہونچائے اور ساتھ ہی ان کی طبی خدمات کو یقینی بنائے اور تمام رکاوٹوں کو فوری دور کریں ۔ EHS ، پولیس اور آروگیہ بھدرا کارڈس کے چلن کے لیے ہاسپٹلس کو خصوصی احکامات جاری کریں ۔۔ 2