ریپ اور قتل کیس : ممتا بنرجی کی اہل خانہ سے ملاقات

   

کولکاتا : چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج آر جی کار اسپتال میں عصمت دری اور قتل کی شکار ڈاکٹر کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے کے بعد کہا کہ وہ اس واقعے پر حیران ہیں کہ آخر یہ کیسے ہوا ۔اتنی بڑی سیکورٹی ہونے کے باوجود اس واقعہ کا رونما ہونا افسوسناک ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کلکتہ پولس کو جلد سے جلد تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کو جلد از جلد تحقیقات مکمل کرنی چاہیے ۔ میں چاہتی ہوں کہ ملوث افراد یا افراد کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے ۔ اس معاملے میں اور بھی افراد ملوث ہوسکتے ہیں ۔اگر پولس اتوار تک تحقیقات مکمل کرنے میں ناکام رہتی ہے تو جانچ سی بی آئی کو سونپ دی جائے گی۔ساتھ ہی ممتابنرجی نے کہا کہ کلکتہ پولیس دنیا کی بہترین پولیس ہے ۔ میں نے بہترین افسر کواس معاملے کی جانچ تفویض کی ہے ۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پولیس سے کہا کہ وہ اس بات کی جانچ کرے کہ آیا آر جی کار اسپتال کے اندر کوئی خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل میں ملوث ہے ۔ وزیر اعلیٰ پیر کو شمالی 24 پرگنہ میں متوفی ڈاکٹر کے گھرگئیں اور ان کے اہل خانہ سے بات کی۔ ملاقات کے بعد ممتا بنرجی نے کہا کہ والدین کو شبہ ہے کہ اس معاملے میں اندر کا بھی کوئی اور ملوث ہوسکتا ہے ۔اس شکایت کی تحقیقات ہونی چاہیے ۔اس سلسلے میں پولیس کو دی گئی خصوصی ہدایات میں ممتا نے کہا کہ اگر ضروری ہو تو اس کے دوست کو فون کرکے اس سے بات کریں۔ جس شخص نے اس دن فون کرکے خبر دی اس سے بھی بات کی جائے ۔ متوفی ڈاکٹر کے والد نے دعویٰ کیا کہ پولیس سے قبل کسی نے انہیں جمعہ کو آر جی کار میڈیکل کالج اور اسپتال کے چار منزلہ سیمینار ہال میں ان کی بیٹی کی موت کی اطلاع دی۔ اس نے ڈاکٹر کے اہل خانہ کو اطلاع دی کہ طالبہ نے خودکشی کر لی ہے ۔