بھوپال ۔12 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ایک عاجلانہ فیصلے میں بھوپال کی عدالت نے 35 سالہ شخص کو گزشتہ ماہ ایک نابالغ لڑکی کی عصمت ریزی کرنے اور پھر اُسے ہلاک کردینے کی پاداش میں سزائے موت سنائی ہے ۔ گزشتہ روز بچوں کے خلاف جرائم سے نمٹنے والی خصوصی جج کمودنی پٹیل نے تعزیرات ہند کے دفعات 302 ، 376-AB کے تحت دو علحدہ جرائم کے ارتکاب پر وشنو بمورا کو سزاء کا اعلان کیا ۔ مجرم کو 8 سالہ لڑکی کے ساتھ غیرفطری جنسی فعل کے جرم پر سزائے عمرقید بھی سنائی گئی ۔ سرکاری پراسکیوشن سیل کی ترجمان سدھا وجئے سنگھ نے بتایا کہ جج نے مجرم کو لڑکی کے جبری اغواء اور اُس کے ساتھ غیرفطری جنسی فعل کی پاداش میں آئی پی سی کی دفعہ 360 اور 366 کے تحت ترتیب وارتین سال اور سات سال قید کی سزائیں بھی سنائیں ۔ وشنو کو بھوپال اور ساگر میں واقع فارنسک سائنس لیباریٹریز کے ڈی این اے ٹسٹ کی رپورٹس کی بنیاد پر مجرم پایا گیا ۔