ریپ کرنے والے کی خصی ،پاکستان میں نیا قانون

   

اسلام اباد: پاکستان میں عصمت دری کے عادی مجرمین کو طبی طریقہ سے خصی کیا جاسکتا ہے۔ صدر عارف علوی نے آج ایک نئے اینٹی ریپ آرڈیننس کو منظوری دی جس کے تحت ریپ کے مجرمین کو عبرتناک انجام کا سامنا ہوسکتا ہے۔ پاکستان کی کابینہ نے گزشتہ ماہ یہ آرڈیننس منظور کیا تھا اور اسے اج صدارتی منظوری حاصل ہوگئی۔ ریپ کے معاملوں کی سنوائی کیلئے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی۔نئے قانون کے ذریعہ خواتین اور لڑکیوں کے خلاف ریپ کیسوں کا عاجلانہ ٹرائل یقینی بنایا جائے گا ۔ اس ضمن میں ملک بھر میں خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی ۔ صدارتی دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ خصوصی عدالتیں اندرون چار ماہ کیسوں کا تصفیہ کردیں گی۔ پولیس اور حکومتی عہدیدار جو ریپ کے معاملوں کی تحقیقات میں غفلت و لاپرواہی برتیں، انہیں جرمانوں کے ساتھ تین سال قید کی سزا دی جائے گی ۔