ریڈیو مانو عوام سے یونیورسٹی کو جوڑنے میں مددگار ثابت ہوگا

   

ڈائرکٹر آل انڈیا ریڈیو نے کمیونٹی ریڈیو کا افتتاح کیا
حیدرآباد 24 مارچ (سیاست نیوز) ڈائرکٹر جنرل آل انڈیا ریڈیو راجیو کمار جین نے مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کے باوقار پراجکٹ ریڈیو مانو 90.0 ایف ایم کا افتتاح انجام دیا۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راجیو کمار جین نے کہاکہ ریڈیو مانو اُردو یونیورسٹی کو مقامی عوام سے جوڑنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ ملک بھر میں تقریباً 560 کمیونٹی ریڈیو اسٹیشن کام کرتے ہیں جن میں سے 35 فیصد کمیونٹی ریڈیو تعلیمی اداروں کی جانب سے چلائے جاتے ہیں۔ یونیورسٹی کے انسٹرکشنل میڈیا سنٹر کی جانب سے یہ کمیونٹی ریڈیو چلایا جائے گا۔ گچی باؤلی اور اُس کے اطراف کے 15 کیلو میٹر کے حدود میں ریڈیو مانو کی نشریات FM پر سنی جاسکیں گی جبکہ یو ٹیوب اور فیس بُک کے ذریعہ اِسے دنیا بھر میں ملاحظہ کیا جاسکے گا۔ راجیو کمار جین نے کہاکہ کسی بھی کمیونٹی ریڈیو کے لئے ابتدائی 6 ماہ اہمیت کے حامل ہیں۔ اِس عرصہ میں ریڈیو اپنی مخصوص دھن اور مواد سے سامعین کو راغب کرسکتا ہے۔ موجودہ دور میں کمیونٹی ریڈیو عوام کو بااختیار بنانے کا اہم ذریعہ ہے۔ اُنھوں نے آل انڈیا ریڈیو کے حالات حاضرہ کے پروگرام کو ریڈیو مانو پر پیش کرنے کی پیشکش کی۔ پروفیسر سید عین الحسن وائس چانسلر نے کہاکہ کمیونٹی ریڈیو کا آغاز ایک اہم پیشرفت ہے جس سے اُردو یونیورسٹی عوام سے قریب ہوسکتی ہے۔ پروفیسر اشتیاق احمد رجسٹرار، ڈائرکٹر انسٹرکشنل میڈیا سنٹر رضوان احمد اور دوسروں نے مخاطب کیا۔1