ریڈی طبقہ کی تضحیک اُڑانے والے شخص کا ٹی آر ایس سے تعلق نہیں : مانک راؤ

   

ظہیرآباد : رکن اسمبلی کے مانک راؤ نے ایم ایل اے کیمپ آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیالکل منڈل کے ناگیش نامی ایک شخص کی جانب سے ریڈی طبقہ کی تضحیک کرتے ہوئے سوشیل میڈیا پر وائرل کرنے کے واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہاکہ سماج کے کسی طبقہ کو کسی دوسرے طبقہ کا مذاق اُڑانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ انھوں نے واضح طورپر کہا کہ مذکورہ شخص کا تعلق ٹی آر ایس سے ہرگز نہیں ہے جیسا کہ کانگریس کے مقامی قائدین نے الزام عائد کیا تھا ۔ انھوں نے سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کے بشمول دیگر ریڈی طبقہ کے خلاف کئے گئے غیرپارلیمانی الفاظ مختلف طبقات کے مابین دراڑ پیدا کرنے کی منصوبہ بند سازش ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ اُس موقع پر ٹی آر ایس کے سرکردہ قائدین گوردھن ریڈی ، رام کرشنا ریڈی ، سید محی الدین ، اے ویجناتھ ، این روی کرن ، وجیندر ریڈی اور محمد یونس بھی موجود تھے ۔