لندن،11 جولائی (آئی اے این ایس): ہندوستانی آل راؤنڈر نتیش کمار ریڈی جنہوں نے جمعرات کو لارڈز ٹسٹ کے پہلے دن انگلینڈ کے خلاف سب سے متاثر کن بولنگ کی، انہوں نے اپنی بولنگ میں بہتری کا سہرا بولنگ کوچ مورنے مورکل اور سن رائزرز حیدرآباد کے کپتان پیٹ کمنز کے مشوروں کو دیا ہے۔ ریڈی نے انکشاف کیا کہ انگلینڈ کے دورے سے قبل انہوں نے پیٹ کمنز سے مشورہ لیا تھا، جس میں آسٹریلیائی کپتان نے بتایا کہ انگلینڈ میں موسم کتنی اہمیت رکھتا ہے۔ ریڈی نے کہا کہ اس دورے کی شروعات سے ہی ان کی توجہ بولنگ میں مستقل مزاجی پر رہی ہے، جس کا آغاز انڈیا اے کے میچ اور انٹرا اسکواڈ گیم سے ہوا تھا۔22 سالہ ریڈی نے لارڈز ٹسٹ کی پہلی اننگزکے 14ویں اوور میں بولنگ کی شروعات کی اور پہلے ہی اوور میں انگلینڈ کے دونوں اوپنرز بین ڈکٹ اور زیک کراؤلی کو پویلین واپس بھیج دیا۔ریڈی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا آسٹریلیا کے دورے کے بعد مجھے محسوس ہوا کہ مجھے اپنی بولنگ اور مستقل مزاجی پر کام کرنا ہوگا۔ پیٹ میرے کپتان ہیں اور آسٹریلیا میں ان کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ میں نے ان سے کچھ مشورے لیے کہ وہاں کیسے بولنگ کی جاتی ہے اور وہ کیسے چیزوں سے نمٹتے ہیں۔ میرے لیے یہ ایک زبردست تجربہ رہا ہے کہ میں پیٹ کمنز جیسے بولر کے ساتھ اپنا تجربہ شیئرکر رہا ہوں۔ ریڈی نے مزید کہا میں نے پیٹ کمنز سے آسٹریلیا اور انگلینڈ میں بولنگ کے فرق کے بارے میں پوچھا۔ چونکہ یہ میرا پہلا دورہ ہے، انہوں نے کہا زیادہ فرق نہیں ہوگا، بس موسم پر نظر رکھو اور اپناکھیل کھیلو، اور جتنا سیکھ سکتے ہو سیکھو۔ ریڈی نے یہ بھی بتایا کہ بولنگ کوچ مورنے مورکل کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے نہایت مفید رہا ہے اور وہ ان سے بہت کچھ سیکھ رہے ہیں۔اس دورے پر آ کر مورنے مورکل کے ساتھ کام کرنا میرے لیے بہترین تجربہ رہا ہے۔ وہ گزشتہ چند ہفتوں سے میرے ساتھ کام کر رہے ہیں اور ہم نے بولنگ میں اچھی پیش رفت دیکھی ہے۔ میں ان کے ساتھ کام کرنے سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔انہوں نے مزید کہا،ہم مستقل مزاجی پر بہت کام کر رہے ہیں، کیونکہ مجھے دونوں طرف سوئنگ مل رہی ہے اور میں پوری بولنگ میں درستگی چاہتا ہوں۔ میں گزشتہ ایک دو سال سے اپنی بولنگ پر سخت محنت کر رہا ہوں۔محنت کا مجھے پھل بھی مل رہاہے ۔