’ریڈ لائن ‘ پار کرنے کا اسرائیل کو ضرور جواب دیا جائیگا : ایران

   

تہران : ایران کے نگراں وزیرخارجہ علی باقری نے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے ٹیلفون پر رابطہ کیا اور حماس کے سربراہ شہید اسماعیل ھنیہ پر صہیونی حکومت کے حملے کے بعد مشرق وسطی کو درپیش خطرات پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر علی باقری نے کہا کہ شہید اسماعیل ھنیہ ایران کے سرکاری مہمان تھے، صہیونی حکومت نے ان پر حملہ کرکے سفارتی اصولوں کی خلاف ورزی اور ایران کی خودمختاری کو پامال کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت کے حملوں کے بعد پاکستانی عوام کی جانب سے اسرائیل مخالف مظاہرے قابل قدر ہیں۔علی باقری نے کہا کہ شہید اسماعیل ھنیہ پر حملے کے بعد ایران یقینی طور پر جوابی کاروائی کرے گا، اسلامی ممالک کو اس حوالے سے خاموش نہیں رہنا چاہئے۔گفتگو کے دوران پاکستانی وزیرخارجہ نے شہید اسماعیل ھنیہ پر حملے پر تعزیت پیش کرتے ہوئیاسلامی تنظیم کا ہنگامی اجلاس بلانے کا خیرمقدم کیا۔انہوں نے تہران میں صہیونی حکومت کے حملے کو ایران کی حاکمیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کو صہیونی حکومت کی بربریت کے مقابلے میں بیدار ہونے کی ضرروت ہے۔