حیدرآباد۔یکم اپریل (سیاست نیوز) ریڈ کراس سوسائٹی تلنگانہ کے صدرنشین سابق آئی اے ایس عہدیدار اجئے مشرا نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ریڈ کراس سوسائٹی کے صدورنشین اور ریاستی عاملہ کے ارکان کے ساتھ آج راج بھون میں گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر تلنگانہ میں ریڈکراس سوسائٹی کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ گورنر نے ریڈ کراس سوسائٹی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ قومی سطح پر خدمات کی ستائش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو ضروری خدمات کو اولین ترجیح دی جانی چاہئے ۔ گورنر نے ورنگل اور ہنمکنڈہ کی طرح ریاست کے دیگر علاقوں میں تھلسیمیا مرض سے متاثرہ بچوں کی شناخت کرتے ہوئے انہیں خون فراہم کرنے کا مشورہ دیا۔ اس سلسلہ میں ہنمکنڈہ کے ذمہ داروں نے گورنر کو تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔ اس موقع پر ریڈ کراس سوسائٹی کے ریاستی نائب صدرنشین سریندر موہن ، جنرل سکریٹری کے مدن موہن راؤ اور دوسرے موجود تھے۔ر