وقف سے متعلق سی بی سی آئی ڈی کی رپورٹ اور آلیر انکاونٹر کی رپورٹ منظر عام پر لانے اکبر اویسی کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : مجلس کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی نے ریڈہلز آتشزدگی حادثہ کے مہلوکین کو ایکس گریشیا فوری جاری کرنے کا حکومت سے مطالبہ ، اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری کے لیے محکمہ اقلیتی بہبود میں ایمپلائز کی تعداد میں اضافہ کرنے پر زور دیا ۔ دلہنوں کو ایک تولہ سونا کا تحفہ کب دیا جائے گا ۔ حکومت سے استفسار کیا ۔ اسمبلی میں مطالبہ زر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اکبر الدین اویسی نے کہا کہ ریاست کے مجموعی بجٹ 2025-26 میں اقلیتی بجٹ 1.18 فیصد ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال 3003 کروڑ روپئے کا اقلیتی بجٹ منظور کیا گیا ۔ مگر صرف 48 فیصد بجٹ جاری کیا گیا ۔ میناریٹی بجٹ کے اعداد و شمار میں کئی غلطیاں ہونے کی نشاندہی کی ۔ مختص کردہ مکمل بجٹ جاری نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب محکمہ اقلیتی بہبود میں ملازمین نہیں ہوں گے تو بجٹ کیسے خرچ ہوگا ۔ حکومت سے سوال کیا ۔ اکبر الدین اویسی نے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود میں صرف 238 ایمپلائز خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2019 گذشتہ 7 سال سے اقلیتی طلبہ کے اسکالر شپ بقایا جات جاری نہیں کئے گئے ۔ اوورسیز اسکالر شپس کے 65 کروڑ روپئے کے بقایا جات ہیں ۔ ٹمریز کرایہ کے اسکولس کی عمارتوں کو 7 ماہ سے کرایہ جاری نہ کرنے پر بھی تشویش ظاہر کی ۔ اقلیتی طلبہ کے لیے حیدرآباد میں صرف ایک اسٹیڈی سرکل ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے اضلاع نظام آباد ، کریم نگر ، نلگنڈہ ، کھمم کے علاوہ دوسرے اقلیتی غلبہ آبادی والے اضلاع میں اقلیتی اسٹیڈیز سرکلس قائم کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ اکبر الدین اویسی نے کہا کہ 2024-25 کے اقلیتی بجٹ 3003 کروڑ میں 1500 کروڑ روپئے بھی خرچ نہیں ہوئے ۔ اس میں بھی 700 کروڑ روپئے ٹمریز کو جاری کئے گئے ۔ گذشتہ دو سال سے حج کمیٹی کے عاززین کو کھلائے گئے کھانے کے بلز جاری نہیں کئے گئے ۔ اکبر الدین اویسی نے کے سی آر کو رحم دل چیف منسٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں 27 لاکھ اقلیتی طلبہ کو اسکالر شپس جاری کئے گئے ۔ ماہ رمضان میں خواتین اور مردوں میں کپڑے تقسیم کئے گئے ۔ موجودہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے صرف افطار پارٹی مل رہی ہے ۔ اردو اکیڈیمی کے کمپیوٹر سنٹرس میں خدمات انجام دینے والوں کو صرف معمولی ماہانہ 5 ہزار روپئے تنخواہ دی جارہی ہے ۔ ان کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ سڑک توسیع کے دوران وقف اراضیات کے 360 کروڑ روپئے فوری وقف بورڈ کو جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ وعدے کے مطابق ائمہ و موذنین کو 12 اور 10 ہزار روپئے جاری کرنے کی اپیل ، کانگریس کے 15 ماہی دور حکومت میں تین مساجد کو نقصان پہونچانے اور مختلف مقامات پر مسلمانوں پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اکبر الدین اویسی نے کہا کہ ہم فرقہ پرستی کے خاتمہ کے لیے حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں ۔ آلیر انکاونٹر اور وقف سے متعلق سی بی سی آئی ڈی تحقیقات رپورٹ کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا ۔۔ 2