ریکارڈ ووٹنگ این ڈی اے کی جیت کا اشارہ: وزیر

   

پٹنہ، 7 نومبر (یواین آئی) مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اور بہار بی جے پی کے سینئر رہنما نتیانند رائے نے کہا ہے کہ بہار میں ہوئی بھاری ووٹنگ نے واضح اشارہ دیا ہے کہ این ڈی اے کی حکومت ایک بار پھر اکثریت کے ساتھ اقتدار میں واپس آنے جارہی ہے ۔ نتیانند نے کہا کہ بھاری ووٹنگ بہار کے عوام کی وزیراعظم نریندر مودی کے تئیں محبت، اعتماد اور آشیرواد کی علامت ہے۔ یہ ووٹ ترقی یافتہ ہندوستان‘ کیلئے وزیراعظم مودی کے عزم اور ’ترقی یافتہ بہار‘ کے لیے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے وژن پر عوام کی مہر ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ یہ بھاری ووٹنگ غنڈہ راج، جنگل راج اور بدعنوانی کے ٹھیکیداروں یعنی کانگریس اور آر جے ڈی کیلئے زبردست جواب ہے۔
نتیا نند رائے نے دعویٰ کیا کہ اس انتخاب میں عوام نے ذات پر مبنی اور منفی سیاست کو رد کرتے ہوئے ترقی اور استحکام کے حق میں ووٹ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے طے کر لیا ہے کہ اب بہار میں صرف ترقی کی سیاست ہی چلے گی۔ یہ ووٹ ‘ترقی یافتہ ہندوستان ‘اور’ترقی یافتہ بہار’ کے لیے ہے ۔