ریکھا نائک کی بغاوت کا اثر ‘ ایس پی محبوب آباد کا تبادلہ

   

Ferty9 Clinic

خوشدامن رکن اسمبلی خانہ پور کے تیور کو دیکھتے ہوئے داماد شرد چندرا پوار کی اچانک منتقلی
حیدرآباد 29 اگسٹ ( سیاست نیوز ) برسراقتدار بی آرا یس کی جانب سے اسمبلی انتخابات کیلئے اپنے 115 امیدواروں کے اعلان سے جہاں سیاسی اتھل پتھل شروع ہوئی ہے اور پارٹی کے کچھ قائدین ناراض ہوکر پارٹی چھوڑنے پر غور کر رہے ہیںوہیں اس کی وجہ سے کچھ اعلی عہدیدار بھی زد میں آ رہے ہیں۔ یہاں بات سپرنٹنڈنٹ پولیس محبوب آباد کی ہے ۔ محبوب آباد کے سپرنٹنڈنٹ پولیس شرت چندرا پوار کا گذشتہ دن تبادلہ کردیا گیا ہے ۔ کہا جہا رہا ہے کہ رکن اسمبلی خانہ پور ریکھا نائک کی بی آر ایس سے بغاوت کے بعد شرت چندرا پوار کا تبادلہ کیا گیا ہے کیونکہ ایس پی شرت چندرا پوار رکن اسمبلی ریکھا نائک کے داماد ہیں۔ رکن اسمبلی ریکھا نائک کو اس بار بی آر ایس کی جانب سے اسمبلی انتخابات کیلئے ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد وہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والی ہیں۔ ریکھا نائک کے شوہر پہلے ہی بی آر ایس چھوڑ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔ شرد چندرا پوار ریکھا نائک کے داماد ہیں اور کل ان کا ایس پی محبوب آباد کی حیثیت سے تبادلہ کرتے ہوئے تلنگانہ اسٹیٹ پولیس اکیڈیمی میں تبادلہ کردیا گیا ہے ۔ مسٹر جی چندرا موہن آئی پی ایس کو محبوب آباد کا نیا ایس پی مقرر کردیا گیا ہے ۔ خانہ پور حلقہ سے اس بار چیف منسٹر کے سی آر نے ریکھا نائک کو ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایک این آر آئی جانسن راتھوڑ نائک کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جانسن راتھوڑ نائک کے بی آر ایس ورکنگ صدر و وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ سے قریبی تعلقات ہیں۔ ریکھا نائک کا یہ بھی الزام ہے کہ جانسن نائک قبائلی نہیں ہیں اور انہوں نے کے ٹی آر سے اپنی قربت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خانہ پور حلقہ اسمبلی کی ترقی کیلئے فنڈز بھی رکوا دئے تھے ۔ خانہ پور رکن اسمبلی ریکھا نائک نے اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کیلئے کانگریس ٹکٹ کی درخواست بھی داخل کردی ہے ۔ ان کے شوہر نے آصف آباد حلقہ سے ٹکٹ کی درخواست داخل کی ہے ۔ مسٹر شرد چندرا پوار انتخابی ضابطہ اخلاق کی زد میں نہیںآتے تھے کیونکہ محبوب آباد ایس پی کی حیثیت سے ان کی معیاد کے تین سال پورے نہیں ہوئے تھے ۔ ان کے تبادلے پر عہدیداران بھی حیرت کا شکار ہیں۔