نئی دہلی :بھارتیہ جنتا پارٹی بی جے پی نے آج ریکھا گپتا کو دہلی کی نئی وزیر اعلیٰ کے طور پر منتخب کیا۔ پارٹی نے ابھی تک دہلی میں کسی نائب وزیر اعلیٰ کا انتخاب نہیں کیا ہے ۔دہلی اسمبلی انتخابات میں دو تہائی اکثریت کے ساتھ کامیاب ہونے والی بی جے پی کے دہلی اسٹیٹ ہیڈکوارٹر میں منعقدہ نو منتخب ایم ایل ایز کی میٹنگ میں مرکزی مبصر روی شنکر پرساد، اوم پرکاش دھنکھڑ اور انتخابی انچارج بیجنت جے پانڈا کی موجودگی میں ریکھا گپتا کو لیڈر منتخب کیا گیا۔70 رکنی دہلی اسمبلی میں بی جے پی کو 48 اور عام آدمی پارٹی کو 22 سیٹیں ملی ہیں۔پارٹی کے قومی میڈیا کے شریک انچارج سنجے میوکھ نے کہا کہ میٹنگ میں پرویش ورما، وجیندر گپتا اور ستیش اپادھیائے نے محترمہ ریکھا گپتا کے نام کی تجویز پیش کی جسے متفقہ طور پر قبول کرلیا گیا۔ میٹنگ میں کسی کو ڈپٹی چیف منسٹر کے طور پر منتخب نہیں کیا گیا۔ریکھا گپتا نے پارٹی کی قومی قیادت، ایم ایل ایز اور دہلی کے عوام کے تئیں اظہار تشکر کیا۔میٹنگ کے بعد شریمتی گپتا کے ساتھ پارٹی کے دہلی کے ریاستی صدر ویریندر سچدیوا اور انچارج بیجینت جے پانڈا اور دیگر قائدین حکومت سازی کا دعویٰ پیش کرنے کے لیے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ سے رجوع ہوئے ۔جمعرات کو دوپہر 12.35 بجے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ شریمتی گپتا کو وزیراعلیٰ کے عہدہ کا حلف دلائیں گے ۔ اس کے بعد کابینہ کے ارکان کو حلف دلایا جائے گا۔ حلف برداری کی تقریب رام لیلا میدان میں منعقد کی جا رہی ہے ۔ تقریب حلف برداری کی نظامت دہلی کے چیف سکریٹری کریں گے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا، وزیر داخلہ امیت شاہ، مرکزی وزراء اور بی جے پی اور این ڈی اے کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ اور سرکردہ رہنما بھی تقریب میں شرکت کریں گے ۔