ریگنگ کا زہریلا کلچر افسوسناک ، طلبہ کیلئے نقصاندہ

   

سخت سزا کا انتباہ ، سوریاپیٹ گورنمنٹ میڈیکل کالج میں بیداری کانفرنس ، ضلع ایس پی کا خطاب

سوریاپیٹ۔ 23 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سوریاپیٹ گورنمنٹ میڈیکل کالج میں ضلع پولیس کے زیراہتمام اینٹی ریگنگ بیداری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ ایس پی ضلع سوریاپیٹ راجندر پرساد آئی پی ایس نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریگنگ اچھے طالب علم کی خصوصیت نہیں ہے، ریگنگ کی وجہ سے دوسروں کو ذہنی طور پر بہت نقصان پہنچے گا، اسی طرح ریگنگ کی وجہ سے ریگ کرنے والے طلباء کو بھی قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مختلف علاقوں سے طلباء یہاں تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں، اس لیے سب کو ایک خاندان کی طرح اکٹھا ہونا چاہیے۔ ایس پی نے کہا کہ طلباء کا اپنے ساتھی طلباء کو پریشان کرنا اور انہیں ذہنی دباؤ میں ڈالنا بہت تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریگنگ کے زہریلے کلچر کی وجہ سے ریگنگ کا نشانہ بننے والے طلباء ذہنی اذیت میں مبتلا ہو کر خودکشی کر رہے ہیں، ایسے واقعات کا رونما ہونا افسوس ناک ہے اور ساتھی طلباء کے ساتھ غیر اخلاقی برتاؤ کرنا اچھا عمل نہیں ہے۔ ایس پی راجندر پرساد نے طلباء کو متنبہ کیا کہ اگر وہ ریگنگ کریں گے تو مقدمات درج ہوں گے اور جن طلباء پر فوجداری مقدمات ہیں ان کا مستقبل تعلیم، بیرون ملک جانے اور نوکریوں کے حوالے سے تباہ ہو جائے گا۔اگر ریگنگ کا ارتکاب ہوتا ہے تو ریگنگ ایکٹ کے تحت سخت سزائیں دی جائیں گی اور زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا ہوگی۔ انہوں نے ان سے کہا کہ اگر کوئی پریشانی ہو تو اعلیٰ حکام کو آگاہ کریں، مسائل کا سامنا کریں اور حوصلہ نہ ہاریں اور حوصلے سے آگے بڑھیں، انہوں نے کہا کہ ہر طالب علم کو دوسروں کیلئے رول ماڈل بننا چاہیے، والدین کے خوابوں کو پورا کرنا چاہیے۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ناگا بھوشنم، اسپیشل برانچ انسپکٹر سرینواس، سی آئی راج شیکھر، میڈیکل کالج پرنسپل شاردا، ڈسٹرکٹ اسپتال سپرنٹنڈنٹ مرلیدھر، کالج کے وائس پرنسپل انونائی، وارڈن کرشنیا، گریدھر، ایس آئی سرینواس، کرانتی، سیدولو ودیگر موجود تھے۔